جھوٹی افواہیں پھیلانے والوں کو خدا کا خوف کرنا چاہیے

لاہور : معروف ٹی وی اداکار اور پروڈیوسر عابد علی گزشتہ دو ماہ سے شدید علیل اور ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔گزشتہ دنوں اداکار کی بیٹیوں ایمان علی اور رحمہ علی نے سوشل میڈیا پر والد کی خراب صحت کے حوالے سے پوسٹ جاری کی جبکہ مداحوں سے ان کے لیے دعا کرنے کی درخواست بھی کی۔رحمہ علی نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری کے ذریعے بتایا تھا کہ ڈاکٹرز نے ان کے والد کو جواب دے دیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایسی خبریں سامنے آئیں کہ عابد علی کا انتقال ہوگیا۔فوری بعد یہ خبریں وائرل بھی ہوگئیں، تاہم ایمان علی اور رحمہ دونوں نے ان خبروں کو جھوٹی افواہیں ٹھہراتے ہوئے ایسی خبریں بنانے والوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

ایمان علی نے اس حوالے سے شائع ایک خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اسے جھوٹ قرار دیا۔جبکہ رحمہ علی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ‘وہ زندہ ہیں الحمداللہ اور زندہ رہیں گے، ہسپتال میں سو رہے ہیں، خدارا غلط خبریں نہ چلائیں، جب تک زندہ ہیں رہنے دیں ‘انہوں نے مزید کہا کہ جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو خدا کا خوف کرنا چاہیے۔عابد علی کی تیسری بیٹی مریم علی نے بھی ایسی افواہیں پھیلانے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ والد کی صحت یابی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی۔عابد علی نے کئی فلموں اور ڈرامہ سیریز میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔