راجہ ریاض کی مشاورت سے چیئرمین نیب کی تقرری قابل قبول نہیں

لاہور: تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مستعفی چیئرمین نیب پر سیاسی مخالفین پر مقدمات بنانے کیلئے دباؤ تھا۔چیف الیکشن کمشنر کو بھی استعفٰی دے دینا چاہیے،چیف الیکشن کمشنر کو کہا گیا کہ صدر مملکت کے احکامات نہ مانیں،چیف الیکشن کمشنر کو پیشکش کی گئی کہ آپ کو صدر بنا دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ بیوروکریسی کے باقی لوگ چیئرمین نیب کے استعفے سے سبق لیں،چیف الیکشن کمشنر نے عہدے کا بیڑہ غرق کر دیا۔راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر کوئی نہیں مانتا،ان کی مشاورت سے چیئرمین نیب ناقابل قبول ہے۔اپوزیشن لیڈر پہلے بنایا جائے پھر چیئرمین نیب مشاورت سے بنایا جائے اور اپوزیشن لیڈر تحریک انصاف کا بنایا جائے۔انکا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اپنے عہدے کا لحاظ کریں،ہمیں پتہ ہے کہ چھوٹے لوگ بڑے عہدوں پر بیٹھ گئے ہیں۔ عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ جو بھی عدالت طلب کرے گی حاضر ہو جاؤں گا۔حکومت بدترین سیاسی کارروائیوں میں مصروف ہے،شیخ رشید اور ہم سب پر بے بنیاد مقدمات بنائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ راجہ ریاض اور شہباز شریف کا تعلق ایسے ہی ہے جیسے غلام کا آقا کا ہو،پی ٹی آئی کا نیا اپوزیشن لیڈر مقرر کریں اور ان کی مشاورت سے چیئرمین نیب کا تقرر کریں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی ممبران کے استعفوں کو معطل کیا،لاہور ہائیکورٹ نے آج ایک اور تاریخی فیصلہ دیا کہ کیئر ٹیکر حکومت صرف ڈے ٹو ڈے کام کر سکتی ہے۔