گرفتاریاں،جیلیں اور مقدمات حکومت کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا سکتے

راولپنڈی : سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں،جیلیں اور مقدمات حکومت کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا سکتے۔ تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ جو ضمیر برائے فروخت کے نام سے حکمران بنائے گئے تھے،انہوں نے ملک برائے فروخت کے بورڈ لگا دئیے۔اگر کچھ دن گزارنے ہیں تو معیشت ٹھیک کرنی ہو گی،آئی ایم ایف کا مسئلہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے،صوبائی الیکشن 90 دن میں نہ کرانا خطرے کی گھنٹی ہے۔200 کا ڈالر دینے والے ارسطو ڈار نے 250 کا ڈالر کرنے کی اجازت دے دی،ایل سی کھل نہیں رہی اور بینکوں میں بھونچال ہے۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ لوگ دھکے کھا رہے ہیں سب ڈرامے ایک نااہل حکومت کو مسلط رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں،فوری الیکشن نہ ہوئے تو قحط زدہ قوم کے غضب کے آگے کوئی نہیں کھڑا ہوسکے گا۔