الیکشن کمیشن نے دودھ کی رکھوالی پر ’بلا‘ بٹھا دیا

راولپنڈی : پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ متنازع شخص کی نگران وزیراعلیٰ نامزدگی نا صرف الیکشن کمیشن پر سوالیہ نشان بلکہ ملک کے الیکشن کے تابوت میں بھی کیل ٹھونک دیا گیا ہے، یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے دودھ کی رکھوالی پر بلا بٹھا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ 13 جماعتیں جو مرضی کرلیں عوام کے فیصلے کو روکنا پاکستان کے ساتھ نا انصافی اور زیادتی ہوگی، پاکستان ایک گھمبیر، سنگین، اقتصادی، معاشی اور سیاسی عدم استحکام سے گزر رہا ہے، ایسے موقع پر ایک ناپسندیدہ آدمی کو 60 فیصد آبادی والے صوبے کا نگران وزیراعلیٰ بنانا اس بات کی دلیل ہے کہ آپ اس ملک کے عوام کی توہین کر رہے ہیں، جمہوریت کا مذاق اڑا رہے ہیں، ذلت اور رسوائی آپ کا مقدر ہے۔سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عمران خان کا راستہ روکنے کے لئے جو آپ یہ سارے اقدام اٹھا رہے ہیں یہ آپ کے گلے پڑیں گے، عوام کی فتح ہوگی، پاکستان اور اسلام کی فتح ہوگی، آپ نیست و نابود ہوں گے اور آپ کے تمام ارادے ناکام ہوں گے، پاکستان کی قوم آپ کو شکست دے گی۔