پاک امریکہ بزنس تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت

اسلام آباد:وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق امریکی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی وٹیلی کام سیکٹر میں امریکی کمپنیوں کیلئے بے پناہ مواقع ہیں، پاک امریکہ بزنس تعلقات و دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے،آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر سے متعلق معاملات پر ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہیں۔سید امین الحق نے کہا کہ براڈ بینڈ سروسز کیلئے 65 ارب روپے مالیت کے 70 سے زائد منصوبے زیر تکمیل ہیں، پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل اورسوشل میڈیا رولز بزنس فرینڈلی اورملکی تقاضوں کے مطابق ہیں، دونوں بلزآئندہ 3 سے 4 ہفتوں میں منظوری کیلئےمتعلقہ فورمزکوارسال کردیئےجائیں گے۔ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین اسکلز کی تربیت کیلئے پروگرام شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹرکیلئے مشترکہ حکمت عملی سے دوطرفہ تعاون کو فروغ ملےگا، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ، سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول بھی دستیاب ہے، ہچکچاہٹ کا شکارامریکی کمپنیوں کو پاکستان کی جانب راغب کررہے ہیں، پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا میں اہم مقام حاصل کرتا جارہا ہے۔ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری (انچارج ) وزارت آئی ٹی محسن مشتاق، ایڈیشنل سیکرٹری عائشہ حمیرا موریانی، ممبر آئی ٹی سید جنید امام اور ڈی جی انٹرنیشنل کوآرڈینیشن سید جواد علی بھی موجود تھے۔