لطیف آفریدی کا مبینہ قاتل مقتول جج آفتاب آفریدی کا بھانجاہے، پولیس

پشاور: ایس ایس پی آپریشنز پشاور کاشف عباسی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر لطیف آفریدی کا قتل دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے اور ان کا مبینہ قاتل عدنان سمیع آفریدی اے ٹی سی کے مقتول جج آفتاب آفریدی کا بھانجا ۔ آفتاب آفریدی مرحوم سوات کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج تھے اور انھیں اپریل 2021میں موٹر وے صوابی انٹر چینج ( انبار)کے مقام پر اس وقت قتل کیا گیا تھا جب وہ اپنی گاڑی میں اسلام آباد جا رہے تھے ۔ ان کی گاڑی پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ان کی اہلیہ اور دو معصوم بچے بھی جاں بحق ہوئے تھے ،مقتول کے ورثا نے اس واقعے کی ذمہ داری لطیف آفریدی ایڈوکیٹ اور دیگر افراد پر عائد کی تھی اور لطیف آفریدی کو متعلقہ ایف آئی آر میں بھی نامزد کیا گیا تھا ، ملزم عدنان سمیع آ فریدی کے بارے میں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وہ جو نئیر وکیل ہے ۔