محمد شبیر اقبال نے 26 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

کراچی: محمد شبیر اقبال نے 26 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ جیت لی۔پاکستان نیوی سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کا انعقاد کراچی گالف کلب میں کیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔چار روزہ چیمپیئن شپ ملکی گالف کے حلقوں میں ایک اہم ایونٹ کی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔چیمپئن شپ میں کراچی گالف کلب کے پروفیشنلز/ کیڈیز، سینئر پروفیشنلز، جونئر پروفیشنلز، سینئرز اور لیڈیز کے لئے 36 ہولز کے میچز، کیٹگری اے اور بی کے جونئرز کے لئے 18 ہولز کیمیچز، ویٹرنز کے لئے 9 ہول میچز اور پروفیشنلز اور امیچرز کے لئے 72 ہول کے میچز کھیلے گئے۔مختلف کیٹیگریز میں جیتنے والے کھلاڑیوں کو کئی انعامات دیے گئے۔ ملک بھر سے 600 سے زائد گالفرز نے اس چیمپئن شپ میں حصہ لیا۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بہترین چیمپئن شپ کے انعقاد پر کراچی گالف کلب کے اسٹاف اور منتظمین کو سراہتے ہوئے چیمپئن شپ کے فاتحین کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے شاندار کھیل کے مظاہرے کو بھی سراہا جس سے معیاری تفریح میسر ہوئی۔ انہوں نے چیمپئن شپ کے انعقاد اور گالف کے فروغ کیلئے اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔تقریب میں سول و ملٹری آفیسرز، منتظمیں، اسپانسرز، گالف کے کھلاڑیوں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔