خیبرپختونخوا میں خواتین تعلیم کی بہتری کیلئے یو ایس ایڈ کے تعاون سے 4 ملین ڈالر پراجیکٹ کا آغاز

پشاور: خیبرپختونخوا میں خواتین کی تعلیم کے شعبے کو مزید بہتر بنانے کے لئے یو ایس ایڈ کے تعاون سے 4 ملین ڈالر پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا اس سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد پشاور میں کیا گیا جس میں خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام ترکئی، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم،سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن معتصم بااللہ، امریکن سفارتحانے کے عملے اور خیبرپختونخوا ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی نے ڈونلڈ بلوم اورسفارتی عملے کو خوش آمدید کہا اور خواتین کی تعلیم کے لئے امداد فراہم کرنے پر ڈونلڈ بلوم کا شکریہ ادا کیا ،انھوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت تعلیم کے شعبے میں امریکی حکومت کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، صوبائی حکومت کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت تعلیم کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کررہی ہے اس سلسلے میں خیبرپختونخوا حکومت ایک ہزار نئے سکول تعمیر کر رہی ہے جبکہ صوبے میں سیکنڈ شفٹ کا آغاز بھی کیا گیا ہے،جس سے بڑے پیمانے پر تعلیم کی شرح میں اضافہ ہوگا جبکہ خواتین کو تعلیم کے لئے اعزازیہ دینے کا پروگرام بھی شروع کیا ہے، شہرام ترکئی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت خواتین کی تعلیم پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے، تعلیم نسواں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ ماں پورے معاشرے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرسکتی ہے،بینظیر وومن یونیورسٹی صوبے میں خواتین کی سب سے بڑی یونیورسٹی ہے جس سے ہر سال سینکڑوں طالبات فارغ التحصیل ہوتی ہے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکی حکومت خیبرپختوانخوا میں خواتین کی تعلیمی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کیلئے 4ملین ڈالر فراہم کریگی،پراجیکٹ چار سال تک جاری رہے گا،جس کے تحت ضم اضلاع سمیت صوبے کے پسماندہ اضلاع میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت گرلز سکولوں کے معیار کو بہتر بنایا جائے گا، انھوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی روشن مستقبل کی خاطر ان کو ہر شعبے اور خاص کر گرلز ایجوکیشن کو بہتر بنانے میں معاونت کررہا ہے، پراجیکٹ کے تحت امریکہ خیبرپختونخوا ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو مکمل سپورٹ کر رہا ہے خاص کر لڑکیوں کی تعلیم کو تاکہ لڑکیاں بھی تعلیم حاصل کرسکیں، ڈونلڈ بلوم نے مزید کہا کہ تعلیم کو فروغ دینے کے لئے خیبر پختونخوا حکومت کی مدد آئندہ بھی جاری رہیگا