ڈیلی میل کی معذرت مخالفین کے منہ پر طمانچہ ہے

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈیلی میل کی معذرت مخالفین کے منہ پر طمانچہ ہے، شہباز شریف پر کسی قسم کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، معافی ڈیلی میل کو نہیں عمران خان اور شہزاد اکبر کو مانگنی چاہئے جنہوں نے ڈیوڈ روز کو پہلو میں بٹھا کر شہباز شریف کے خلاف سازش کی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈیلی میل کی معافی سے صرف شہباز شریف نہیں بلکہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام سرخرو ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور شہزاد اکبر نے شریف خاندان پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات عائد کئے، عمران خان نے 2018ءمیں اقتدار میں آنے کے بعد سیاسی عدم استحکام پیدا کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نیب کا ریفرنس ڈیلی میل والوں کے حوالے کیا تھا، عمران خان نے ڈیوڈ روز کو بلا کر اپنے پہلو میں بٹھا کر شہباز شریف کے خلاف سازش کی اور اس سے ٹاک شوز کروائے، یہ کہتے تھے شہباز شریف زلزلہ زدگان کے پیسے کھا گئے، انہوں نے اس شخص پر الزامات لگائے جس نے دس سال اپنے خون پسینے سے پنجاب کو ترقی دی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور شہزاد اکبر نے لوگوں کی پگڑیاں اچھالیں، ان پر الزامات لگائے، ڈیلی میل نے جو الزامات لگائے گئے اس پر یہ عدالت میں ثبوت پیش نہیں کر سکے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف پورا کیس ٹرائل سے گذرا جس کے بعد ڈیلی میل نے شہباز شریف سے غیر مشروط معافی مانگی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے مسلم لیگ (ن) کے تمام قائدین کرپشن کے جھوٹے الزامات میں سرخرو ہو رہے ہیں۔