چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر اورچیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد کیلئے اعلیٰ اعزازات

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کو نشان امتیاز (ملٹری) سے نوازا ہے ۔ اس حوالے سے خصوصی تقریب جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں منعقد ہوئی ۔ وزیر اعظم شہباز شریف بھی تقریب میں شریک ہوئے۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزراء، ارکان پارلیمنٹ،سینئرفوجی و سول افسران اور سفارت کار بھی موجود تھے۔ صدر مملکت عارف علوی نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف کو ملک کے لئے ان کی شاندار خدمات پر نشان امتیاز (ملٹری) عطا کیا ۔ جنرل شمشاد مرزا نے 1987 میں انفنٹری بٹالین میں کمیشن حاصل کیا۔انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویشن کیا۔ انہوں نے کرین فیلڈ یونیورسٹی برطانیہ سے ایم ایس سی (گلوبل سکیورٹی) کورس میں بھی شرکت کی۔ اپنے شاندار فوجی کیریئر کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا نے مختلف کمانڈ، اسٹاف اور انسٹرکشنل اسائنمنٹس پر خدمات انجام دیں۔ان کی اہم اسٹاف تقرریوں میں دو انفنٹری بریگیڈز کے بریگیڈ میجر، پاکستان کنٹیجینٹ اقوام متحدہ کے مشن سیرا لیون میں جنرل اسٹاف آفیسر گریڈ-1 (پلانز)، ڈائریکٹر ملٹری آپریشنز اور ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز، وائس چیف آف جنرل اسٹاف، ایڈجوٹنٹ جنرل اور جنرل ہیڈ کوارٹر میں چیف آف جنرل اسٹاف شامل ہیں۔اسی طرح جنرل سید عاصم منیر احمد شاہ نے اپریل 1986 میں 23 فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا تھا اور انہوں نے 17 ویں او ٹی ایس کورس کے اعزازی تلوار حاصل کی۔ وہ فوجی اسکول جاپان، کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ، ملائیشین آرمڈ فورسز کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوالالمپور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویٹ ہیں۔انہوں نے پبلک پالیسی اور اسٹریٹجک سکیورٹی مینجمنٹ میں ایم فل کی ڈگری بھی حاصل کی۔ اپنے شاندار فوجی کیریئر کے دوران جنرل عاصم منیر نے مختلف کمانڈ، اسٹاف اور انسٹرکشنل اسائنمنٹس پر خدمات انجام دیں۔ ان کی نمایاں اسٹاف تقرریوں میں انفنٹری بریگیڈ کے بریگیڈ میجر، چیف آف جنرل اسٹاف سیکرٹریٹ میں جنرل اسٹاف آفیسر گریڈ-2، ڈائرکٹنگ اسٹاف کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور چیف آف اسٹاف آف اسٹرائیک کور شامل ہیں۔جنرل عاصم منیر نے 23 فرنٹیئر فورس رجمنٹ انفنٹری بریگیڈ، فورس کمانڈ ناردرن ایریاز اور 30 ​​کور کی کمانڈ کی ہے۔ وہ سعودی عرب میں پاکستان کے تربیتی دستے کی قیادت بھی کر چکے ہیں۔ انہیں ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی جنس اور ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس کی حیثیت سے پاکستان کی دونوں اہم انٹیلی جنس ایجنسیوں کی سربراہی کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے۔چیف آف آرمی سٹاف کے طور پر ترقی اور تقرری سے پہلے وہ پاکستان آرمی کے کوارٹر ماسٹر جنرل تھے۔ جنرل عاصم منیر کو جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر 29 نومبر 2022 کو چیف آف آرمی سٹاف تعینات کیا گیا۔