وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا جنوبی اضلاع کا دورہ، اربوں روپے مالیت کے منصوبوں کا افتتاح

پشاور : وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے جنوبی اضلاع کوہاٹ اور ہنگو کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے تقریبا 13 ارب روپے مالیت کے متعددترقیاتی منصوبوں کاسنگ بنیاد رکھا اور مکمل شدہ منصوبوں کا باضابطہ افتتاح کیا۔وزیر اعلی نے ضلع کوہاٹ میں خیبرپختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ KPCIP کے تحت کوتل ٹاون شپ میں سیوریج سسٹم اور نئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قیام کے منصوبے کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھاجو6 ارب 73کروڑ روپے کے تخمینہ لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔منصوبے کے قیام سے واٹر ٹریٹمنٹ کی استعداد میں یومیہ تین ملین گیلن کا اضافہ ہو گا جبکہ75 کلومیٹر طویل نیا سیوریج نیٹ ورک قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے KPCIP کے تحت کوہاٹ میں واٹر سپلائی سسٹم کی بحالی کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا، یہ منصوبہ 4 ارب 65 کروڑ روپے کے تخمینہ لاگت سے مکمل کیا جائے گا جس کے تحت موجودہ آبی ذخائر اور ٹیوب ویلز کی اپ گریڈیشن کے علاوہ8 نئے آبی ذخائر اور10 نئے ٹیوب ویلز قائم کیے جائیں گے جبکہ نیا واٹر ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک بھی تعمیر کیا جائے گا۔منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو ہفتہ بھر 24 گھنٹے پانی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہو گی اورمزید 23 ہزار گھرانے نیٹ ورک میں شامل ہوں گے۔منصوبے سے مجموعی طور پر 2 لاکھ 24 ہزار سے زائد آبادی مستفید ہو گی۔ اسی طرح ضلع میں بزنس ڈویلپمنٹ اینڈ کمیونٹی سنٹر برائے خواتین اور سپورٹس کمپلیکس کوہاٹ میں تفریحی پارک اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔یہ منصوبےKPCIP کے تحت مجموعی طور پر56 کروڑ روپے کے تخمینہ لاگت سے مکمل کیے جائیں گے۔وزیر اعلی نے اس موقع پر گورنمنٹ گرلز اینڈ بوائز کمپر ی ہینسیو ہائی سکولوں کی ہائیر سیکنڈری سکولوں تک اپ گریڈیشن کا افتتاح بھی کیا۔ یہ منصوبے مجموعی طور پر سات کروڑ سے زائد کی لاگت سے مکمل کیے گئے ہیں۔ قبل ازیں وزیر اعلی نے ضلع ہنگو کے دورہ کے دوران 15 کروڑ 44 لاکھ روپے کی لاگت سے قائم سول ہسپتال دو آبہ کا باضابطہ افتتاح کیا، منصوبے میں ڈینٹل، ڈائیگناسٹک، او پی ڈی اور ایمرجنسی بلاکس سمیت واٹر سپلائی لائن اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔وزیر اعلی محمود خان نے نئے مکمل ہونے والے ڈسٹرکٹ جیل ہنگو جبکہ تحصیل ٹل اور ہنگو میں قائم دو مختلف ریسکیو 1122 سروسز کا بھی افتتاح کیا۔ یہ تینوں منصوبے 41 کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے مکمل کیے گئے ہیں۔کوہاٹ اور ہنگو میں منصوبوں کی افتتاحی تقاریب کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ترقیاتی عمل جاری ہے ، گزشتہ چار سالوں میں جو ترقیاتی کام کئے گئے ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے واضح کیا کہ اصل مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کے پیداواری اضلاع کیلئے ایریا ڈویلپمنٹ پلان شروع کیا گیا ہے ۔ ہنگو اور کوہاٹ میں صحت ، تعلیم ،آبنوشی ، آبپاشی اور مواصلات سمیت مختلف شعبوں میں اربوں روپے مالیت کے منصوبوں پر کام شروع ہے ۔ پشاور ڈی آئی خان موٹر وے اور سی آر بی سی جیسے میگا منصوبوں سے جنوبی اضلاع کی تقدیر بدل جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ سی آر بی سی منصوبے پر کام کا جلد اجراکیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ پشاور ڈی آئی خان موٹروے منصوبے کو بھی تمام متعلقہ فورمز سے منظور کرالیاگیا ہے۔ منصوبے کی فنڈنگ کیلئے ایشیائی ترقیاتی بنک سے بات چیت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے اراکین اسمبلی صرف تین چار کلومیٹر سڑکیں بناتے تھے جبکہ اب ہر ضلع میں اربوں روپے کے منصوبے جاری ہے ۔علاوہ ازیں ہنگو میں یونیورسٹی کے قیام پر بھی کام جاری ہے، ہنگو ہاوسنگ سکیم کے ذریعے لوگوں کو آسان رہائشی سہولیات فراہم کریں گے ۔ وزیراعلی نے خیبرپختونخوا سٹیز امپرومنٹ پروجیکٹ کی افادیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک کھرب روپے سے زائد مالیت کا منصوبہ ہے جس کے پہلے مرحلے میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹر زکی ترقی شامل ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ صوبائی اسمبلی نے اگلے تیس چالیس سال کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترقیاتی منصوبہ بندی کی ہے جس کے تحت صوبے کے تمام ریجنز میں میگا منصوبے شروع ہے۔