خیبر:وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی ساجد حسین طوری کا پاک افغان سرحد طورخم کا دورہ

خیبر:وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے پاکستان افغانستان سرحد طورخم، ضلع خیبر کا دورہ کیا جہاں انہیں درآمدات، برآمدات، تجارتی مواقع، بارڈر سے متعلق مختلف امور اور صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ایف آئی اے، اے این ایف، این ایل سی، ایف آئی اے، نادرا، ایف سی، کسٹم اور بارڈر مینجمنٹ کے حکام نے شرکت کی۔ ایم پی اے بلاول آفریدی بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔وزیر کو انسانی بنیادوں پر افغان باشندوں کو ریلیف کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جو پاکستان آنے والے افغان بہن بھائیوں کوبارڈر پر فراہم کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ تجارت اور استحکام کے فروغ کے لیے خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے اور سرحد پار تجارت کو آسان بنانے، معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے تاکہ سرحد کے دونوں طرف کے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہو سکے جو دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ علاج کے لیے آنے والے افغان مریضوں کو مکمل سہولیات فراہم کی جائیں اور بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائے جائیں۔ وزیر نے حکام کو مشورہ دیا کہ مقامی آبادی کو سرحد پار تجارت اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔ وزیر نے حکام پر زور دیا کہ وہ سرحد پر لوڈنگ اور اپ لوڈنگ کرنے والے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کریں اور تمام ورکرز کو ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن، ورکرز ویلفیئر فنڈ اور ورکرز ویلفیئر بورڈ میں رجسٹر کیا جائے گا تاکہ وہ تمام مراعات حاصل کر سکیں اور انکے بچوں کو صحت اور تعلیم کی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ساجد طوری نے کہا کہ ان کی وزارت نئے ضم شدہ اضلاع (سابق فاٹا) کے مزدوروں کو بہترین سہولیات اور بہبود فراہم کرنے کی کوششیں کر رہی ہے ۔ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے جمرود میں کھلی کچہری منعقد کی جس میں انہوں نے مقامی عمائدین، سیاسی قیادت، صنعتی اور ٹریڈ یونینز کے نمائندوں کے مسائل سنے اور یقین دلایا کہ وہ ان کی شکایات وزیراعظم، ان کی پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور متعلقہ حکام تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فاٹا کے انضمام کے بعد وہاں کے عوام کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کی شکایات کا ازالہ کرے تاکہ ان علاقوں کو ملک کے قومی دھارے میں لانے کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔ وزیر ساجد حسین طوری نے ضلع خیبر کے لیے او پی ایف اسکول، ورکنگ فوکس گرامر اسکول اور ورکرز اسپتال کھولنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کھلی کچہری لگانے اور عوامی مسائل بالخصوص مزدوروں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کی واضح ہدایات جاری کی ہیں ۔