باجوڑ لیویز فورس اورخاصہ دار کے شہداء کے ورثاء کا پولیس میں بھرتی کا آغاز ہوگیا

پشاور: ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سجاد خان نے کہا ہے کہ امن کیلئے باجوڑ پولیس اور سابقہ لیویز و خاصہ دار اہلکاروں کے شہداء کی قربانیاں لازوال ہیں اور ان قربانیوں کی بدولت ہم آج پرامن فضاء میں سانس لے رہے ہیں، دوران سروس شہید اور وفات پانے والے اہلکاروں کی فیملیز سے ہمارا مضبوط رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے خار باجوڑمیں باجوڑ پولیس کے شہداء کے بچوں میں بھرتی کے تقرر نامے تقسیم کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی، تبدیل ہونیوالے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ عبدالصمد خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس نصیر خان اور شہداء کے ورثاء بھی موجود تھے۔اس پر ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سجاد خان نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کے ہمراہ سابقہ باجوڑ لیویز فورس اور خاصہ دار فورس کے 6 شہیدوں کے ورثاء میں پولیس بھرتی کے تقرر نامے تقسیم کرکے شہداء کے ورثاء کا دیرینہ مسئلہ حل کردیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آر پی او ملاکنڈ سجاد خان نے شہداء کی قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ زندہ قومیں کھبی بھی اپنی شہداء کو نہیں بھولتیں اور ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے کیونکہ اٴْن کی شہادتوں کی بدولت ہم آج پرامن فضاء میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومیں اٴْس وقت زندہ ہوتی ہیں جو اپنے ہیروز اور شہداء کو یاد کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ باجوڑ پولیس نے نامساعد حالات میں جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا۔ باجوڑ کے سیاسی ، سماجی اور عوامی حلقوں نے بھی سابقہ لیویز فورس اور خاصہ دار فورس کے شہداء کے ورثاء میں تقرر ناموں کی تقسیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھرتی سے شہیدوں کے ورثاء کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا۔