بندوبستی علاقوں میں 9240 جبکہ قبا ئلی اضلاع میں 400 سکولوں میں سولرائزیشن کا کام مکمل

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی کی زیر صدارت صوبے کے سکولوں میں سولرائزیشن سکیموں کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پلاننگ سیل کے سینئر افسران نور عالم خان ، شہاب اللہ اور دیگر حکام نے شرکت کی اس موقع پر صوبائی وزیر کو پلاننگ سیل کے افسران نے بندوبستی اضلاع اور نئے ضم شدہ اضلاع میں سولرائزیشن کی اسکیموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بندوبستی علاقوں میں 9240 سکولوں میں جبکہ ضم شدہ اضلاع میں بھی چار سو سکولوں میں سولرائزیشن کا کام مکمل کر دیا گیا ہے جبکہ مزید سات سو سکولوں میں سولرائزیشن کا کام رواں سال ہی مکمل کیا جائے گا۔صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی نے اس موقع پر کہا کہ تمام سکولوں میں طلبہ کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقلی بھی خیبرپختونخوا حکومت کا وژن اور اولین ترجیح ہے۔انھوں نے کہا کہ سکولوں میں لوڈ شیڈنگ سے بچوں کو چھٹکارا دلانے کے لئے دستیاب وسائل کو بروئے کار کر ان مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی نے اس موقع پر محکمہ کے افسران کی کارکردگی کو سرا ہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا