بھارتی فوج کاآزاد کشمیر میں دہشتگردوں کے لانچ پیڈ کادعویٰ من گھڑت قرار

راولپنڈی:پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے بھارتی فوج کےآزاد کشمیر میں دہشتگردوں کے لانچ پیڈ کےدعویٰ کومن گھڑت قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم اور ہر قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔جمعرات کو ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آزاد جموں و کشمیر سے متعلق اعلیٰ بھارتی فوجی افسر کا بیان بے بنیاد ہے، آزاد کشمیر میں نام نہاد دہشتگردوں کے لانچ پیڈ کا دعویٰ من گھڑت ہے، یہ بیان بھارتی مسلح افواج کی پروپیگنڈا سوچ کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں حق خود ارادیت کی جدوجہد کچلنے میں مصروف ہے، بھارتی فوج بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے اس طرح کے بے بنیاد بیانات گھڑتی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد عالمی قوانین کے تحت حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج اپنے سیاسی آقاؤں کی انتخابی مہم کے لیے غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کر رہی ہے، بھارتی فوج غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیان بازی سے گریز کرے، بھارتی افسر کے بلند و بانگ دعوے غیر حقیقی اور توہین آمیز ہیں۔