پاکستان کی برآمدات میں 4 ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر35.7 فیصد اضافہ

اسلام آباد:ملکی برآمدات میں پاکستانی کرنسی کی شرح سے جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر35.7 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے اکتوبرتک کی مدت میں پاکستانی کرنسی میں برآمدات کاحجم 2,131,776 ملین روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 35.7 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملکی برآمدات کاحجم 1,570,136 ملین روپے ریکارڈکیاگیاتھا۔اکتوبرمیں ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں 24.29 فیصدکی نموریکارڈکی گئی، اکتوبرمیں ملکی برآمدات کاحجم 525,831 ملین روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال اکتوبرمیں 423,063 ملین روپے تھا۔ اعدادوشمارکے مطابق پاکستانی کرنسی کے لحاط سے ملکی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر12.87 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے،جولائی سے اکتوبرتک کی مدت میں ملکی درآمدات کاحجم 4,701,648 ملین روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال کی اسی مدت میں 4,165,590 ملین روپے تھا،اکتوبرمیں ملکی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر4.98 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے، اکتوبرمیں ملکی درآمدات کاحجم 1,093,545 ملین روپے ریکارڈکیاگیاتھا۔