بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لیے انتہائی محفوظ اور موزوں ماحول پیدا

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لیۓ انتہائی محفوظ اور موزوں ماحول پیدا کیا گیا ہے 8ارب ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری کا ریکو ڈک منصوبہ بلوچستان میں سرمایہ کار ی کے لیے ساز گار ماحول کا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جرمنی کے قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز سے یہاں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا ۔صوبائی وزراء سردار عبدالرحمن کھیتران،سید احسان شاہ،میر محمد خان لہڑی،سینیٹر منظور خان کاکڑ اور چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں بلوچستان میں سرمایہ کاری اور دو طرفہ تجارت کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جرمن قونصل جنرل نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خطہ میں تجارتی سرگرمیوں اور امانت کے جائزہ کے لیے دبئی میں والی جرمن چیمبر آف کامرس کا ذیلی دفتر جلد پاکستان میں قائم کیا جائے گا ۔دوطرفہ علاقائی تجارت کو فروغ اور بلوچستان میں صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری کے جائزہ کے لیے جرمن چیمبر آف کامرس کا ایک وفد آئندہ ماہ بلوچستان کا دورہ کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ جرمنی صوبائی حکومت کو مختلف شعبوں میں تکنیکی مہارت کی فراہمی اور نوجوانوں کے لیے ٹیکنیکل اور ووکیشنل تربیت فراہم کرنے کے بھرپور معاونت فراہم کریگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان معدنیات زراعت متبادل توانائی لائیو سٹاک اور سمندری پیداوار کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے منفرد خصوصیات کا حامل خطہ ہے جس جانب جرمن سرمایہ کا رو ں کو راغب کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کا بلوچستان ماضی سے مختلف ہے اور صوبے کے طول و عرض میں امن وامان کی فضا برقرار ہے بلوچستان کا وسیع و عریض رقبہ ،طویل ساحل اور معدنیات میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی یہی کوشش ہے کہ سرمایہ کاروں کو پرامن اور دوستانہ ماحول فراہم کیا جائے اور انہیں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے کے لیے ترغیبات دی جائیں۔وز یرا علیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں توانائی کے منصوبوں پر بھی سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے صوبہ شمسی اور ہوا سے توانائی کی پیداوار کے لئے بھی موزوں ہے جب کہ زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبے بھی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکو مت نے حال ہی میں ریکوڈک کا تاریخی معاہدہ کیا ہے جس کے ثمرات بہت جلد صوبے کے عوام کو ملیں گے جرمن قونصل جنرل نے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرمنی پاکستان سے اپنے تعلقات کو بے پناہ اہمیت دیتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے جرمن قونصل جنرل کی جانب سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے دو طرفہ علاقائی تجارت کو فروغ ملے گا اور صوبہ بھی معاشی طور پر خود کفیل ہوگا۔اس موقع پر صوبائی وزراء سردار عبدالرحمن کھیتران سید احسان شاہ اور چیف سیکریٹری عبدالعزیز عقیلی نے بھی زراعت صحت اور متبادل توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور دو طرف تعاون کے مواقعوں سے آگاہ کیا۔