معاشی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات بہتر سمت کی طرف گامزن ہیں

اسلام آباد :سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ پائیدار معاشی پالیسیوں کی بدولت ہم عام آدمی اور کسانوں کے مسائل کو حل کر سکتے ہیں ، کسی بھی ملک کی ترقی کا دارمدار اس کی معیشت پر ہوتا ہے ،معاشی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات بہتر سمت کی طرف گامزن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملا قات میں ملک کی مجمو عی معاشی صورتحال پر تبا دلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے کہا کہ حکومت ملک میں زراعت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے خصوصی اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کو سہولیات دے کر ان کے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے ، خیبر پختو نخو ا میں صنعتوں کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ صنعتوں کی ترقی سے ملکی معیشت مضبوط ہو گی ،کپاس اور زراعت کے شعبوں میں بہتری لانے سے نہ صرف کسانوں کے مسائل ہوں گے بلکہ مجموعی معیشت کو بھی فائد ہوگا ۔انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ی طبقے کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم چھوٹے کاروباری طبقے کے کاروبار میں اضافہ کر کے ملک میں بے روزگاری پر قابو پا سکتے ہیں ۔سپیکر نے کہا کہ ہمیں کسان دوست پالیسیاں بنانا ہونگی، معاشی پالیسیوں میں عام آدمی سمیت کسانوں کے مسائل کے حل کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔