کوئی بھی حقدار اپنے حق سے محروم نہ رہے

پشاور:چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے ہدایت کی ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اور ریلیف سرگرمیوں، انفراسٹرکچر کی بحالی اور نقصانات کے سروے سے متعلق سرگرمیوں میں نہ صرف تیزی لائی جائے بلکہ سروے کے دوران ہر علاقے تک رسائی حاصل کی جائے تاکہ کوئی بھی حقدار اپنے حق سے محروم نہ رہے اور سروے کے دوران شفافیت کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے۔یہ ہدایات انہوں نے اپنے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے موقع پر کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن عامر آفاق ، ڈپٹی کمشنرز ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور جنوبی وزیرستان سمیت متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور امدادی کاروائیوں سے متعلق بریفنگ د ی گئی۔چیف سیکرٹری نے ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور جنوبی وزیرستان میں سیلاب سے تباہ شدہ مکانات کے جاری سروے کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور ہدایات دیں کہ سروے کے عمل کو نہ صرف تیز کیا جائے بلکہ شفافیت کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی حقدار اپنے حق سے محروم نہ رہے اور متاثرین کو ہونے والے نقصانات کا حتی الوسع ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔بعد ازاں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے کمشنر دفتر کے احاطے میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز بھی کیا اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا بھی کی ۔