قومی سلامتی کے ساتھ کھیلنے والا فارن ایجنٹ اسلام آباد کیا کرنے آ رہا ہے؟ مریم اورنگزیب

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو لانگ مارچ کی تاریخ دینے سے پہلے کچھ اہم سوالات کا جواب دینے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے ساتھ کھیلنے والا فارن ایجنٹ اسلام آباد کرنے کیا آ رہا ہے؟ سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کی بجائے لانگ مارچ کی تیاری، معیشت تباہ، 20 ہزار ارب کا تاریخی قرضہ لینے والا فارن ایجنٹ جھوٹا اسلام آباد کیا کرنے آ رہا ہے؟بدھ کو عمران خان کے لانگ مارچ کے حوالے سے اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے سوال کیا کہ پاکستان کی معیشت کو دیوالیہ کرنے کی سازش کرنے والا فارن ایجنٹ اسلام آباد کیا کرنے آ رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ فارن ایجنٹ نے 95 لاکھ لوگوں کو بے روزگار کیا، 2 کروڑ افراد کو غربت کے جہنم میں دھکیلا، اب وہ اسلام آباد کیا کرنے آ رہا ہے؟انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور ججوں کو دھمکانے، اداروں پر بہتان لگانے اور سیاست میں گھسیٹنے والا اسلام آباد کرنے کیا آ رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ کشمیر فروش فارن ایجنٹ اسلام آباد کیا کرنے آ رہا ہے؟ توشہ خانہ کا چور، فرح گوگی، پیرنی کی کرپشن کا شریک مجرم اسلام آباد کیا کرنے آ رہا ہے؟ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان پہلے ان سوالوں کا جواب دیں اور پھر لانگ مارچ کا اعلان کریں۔