سیلاب زدگان کی مدد کیلئے میگا ریسلنگ مقابلے میں 25 سے زائد انٹرنیشنل ریسلرز حصہ لیں گے، سید عاصم علی شاہ

ملتان:چیئرمین رنگ آف پاکستان (آر او پی) سید عاصم علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں جاری سیلاب ریلیف آپریشن میں حصہ ڈالنے کے مقصد سے نومبر کے مہینے میں میگا ریسلنگ مقابلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ڈی ایچ اے ایرینا ملتان میں ریسلنگ لانچنگ تقریب سےمتعلق منعقدہ پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے انعقاد کے پیچھے ایک طویل جدوجہد ہے جس میں 20 سے زائد ممالک کے 25 بین الاقوامی ریسلرز حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسلنگ پاکستان سمیت دنیا بھر کے لوگوں کے پسندیدہ کھیلوں میں سے ایک ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) آر او پی عمران شاہ نے کہا کہ انہوں نے مختلف ممالک کا دورہ کر کے لوگوں کو آگاہ کیا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں منعقد ہونے والے رنگ آف پاکستان ایونٹ میں بین الاقوامی ریسلرز کی شرکت کولوگ بھرپور سپورٹ کر رہے ہیں ۔آر او پی کے رکن ڈاکٹر اعجاز نے کہا کہ ملک میں اب تک چار ریسلنگ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے، اسلام آباد میں منعقد ہونے والے آخری مقابلے میں 40 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ایونٹ کورونا وائرس کی وجہ سے ڈھائی سال کے وقفے کے بعد منعقد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ریسلنگ کے مقابلے کو ایک اور اہم ایونٹ ’’سٹرانگ مین آف پاکستان‘‘ کا حصہ بنایا جا رہا ہے جس میں مختلف افراد ویٹ لفٹنگ سمیت مختلف مقابلوں سے گزر کر اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔ انٹرنیشنل ریسلر بادشاہ خان نے کہا کہ وہ زندگی میں پہلی بار ملتان آئے ہیں اور اولیاء کے شہر کی بھرپور ثقافت سے لطف اندوز ہوئے ہیں۔ انہوں نے ملتان کے شہریوں سےکہا کہ ایونٹ کو کامیاب بنائیں تاکہ دنیا کو اس کامیاب ایونٹ سے پتہ چلے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے ۔ٹینی آئرن انٹرنیشنل ریسلر نے کہا کہ پاکستانی عوام سیلاب کی وجہ سے مشکل حالات سے دوچار ہیں ۔آر او پی مقابلے کے ذریعے جمع ہونے والی رقم سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے استعمال کی جائے گی۔دیگر بین الاقوامی ریسلرز ماریہ مے، امیل ڈب اور ایڈم میکسٹڈ نے کہا کہ پاکستان کا دورہ ایک اچھا تجربہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلوان ہجوم سے توانائی حاصل کرتے ہیں اور پاکستانی توانائی سے بھرپور ہیں۔ بین الاقوامی ریسلرز نے کہاکہ پاکستان میں بہت زیادہ صلاحیت ہے اور وہ یہاں لوگوں کی حمایت کے لیے آئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام ان مقابلوں میں شرکت کر کے اسے کامیاب کریں ۔ڈائریکٹر مارکیٹنگ ڈی ایچ اے کرنل (ر) سرفراز نے کہا کہ ایونٹ کو کامیاب بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آر او پی پہلے ہی اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں اس قسم کی تقریبات کا انعقاد کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں کے لوگوں کی مدد کے لیے خصوصی فنڈز اکٹھا کرنے کی مہم بھی شروع کی جا رہی ہے۔قبل ازیں پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈی ایچ اے بریگیڈیئر شعیب کیانی نے بین الاقوامی ریسلرز اور رنگ آف پاکستان کی انتظامیہ کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کی تفریح ​​کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومبر کے ریسلنگ مقابلے ملتان کا تاریخی ایونٹ ہوگا۔