فٹبال لیگ سیزن 5 طہماس خان فٹبال سٹیڈیم پشاور میں شروع ہوگئی

پشاور:پشاور فٹبال لیگ سیزن 5 طہماس خان فٹبال سٹیڈیم پشاور میں شروع ہوگئی افتتاحی میچزمیں درہ اننگیالی نے ڈی جی سپورٹس واریئرز کو تین صفر جبکہ ڈی سی سرکار نے افغان پختون کو تین صفر سے شکست دیدی ، لیگ میں صوبہ بھر سے 16 مختلف ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جس میں شنواری ستوری، درہ ننگیالی، شاہین الیون، ایبٹ آباد ایگل، ہزارہ ٹائیگر، ڈی جی سپورٹس واریئرز، ڈی سی سرکارپشاور، اکاخیل سٹرائیکرز، چترال درویش، چترال مارخور، ٹانک توریالی،افغان پختون کی ٹیمیں شامل ہیں۔لیگ کا پہلا میچ درہ ننگیالی اور ڈی جی سپورٹس واریئرز کے مابین کھیلاگیا جس میں درہ نے تین صفر سے کامیابی حاصل کی، درہ کی طرف سے عثمان نے 20 ویں منٹ، راحیل نے 28 ویں جبکہ اسامہ نے 68 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی دوسرا میچ ڈی سی سرکار اور افغان پختونخوا کے درمیان کھیلاگیا جس میں ڈی سی سرکاری نے تین صفرسے فتح حاصل کی ڈی سی سرکارکی طرف سے ریاض نے 31 ویں اور 64 ویں منٹ میں گول کئے جبکہ طارق نے 59 ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔ اس موقع پر فٹبال لیگ کے چیف آرگنائزرچیئر مین یوتھ گلیم ویلفیئرآرگنائزیشن گل حیدرنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لیگ کا نعرہ منشیات کی روک تھام اور فٹ بال کا فروغ رکھا گیا ہے مقابلوں کے ساتھ ساتھ منشیات کی روک تھام کے لئے معاشرے میں پیغام پھیلایا جائے گا اور منشیات کے خاتمے اورنوجوان نسل کو بچانے کے لئے حکومت خصوصاً پشاور ڈویژن انتظامیہ اور کمشنر کی کوششوں کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسلسل پانچویں بار لیگ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ تاریخ میں دوسری مرتبہ اس لیگ کو ٹی وی پر لائیو ٹیلی کاسٹ کیاجارہا ہے۔پشاور فٹبال لیگ کے پہلے سیزن میں ڈی سی سرکارکی ٹیم نے کامیابی حاصل کی جبکہ دوسرے اور تیسرے سیزن میں شنواری ستوری نے کامیابی حاصل کی جبکہ ڈائریکٹرجنرل آف سپورٹس کی ٹیم نے سیزن فو ر اپنے نام کیا۔ ٹورنامنٹ سولہ دن تک جاری رہیگا، جس کے ہر ٹیم تین میچز کھیلے گی جس کے بعد کواٹر فائنل سیمی فائنل اور فائنل کا انعقاد کیاجائیگا۔ ٹورنامنٹ کیلئے طہماس خان فٹبال سٹیڈیم کو خوبصورتی سے سجایاگیا ہے اور لیگ کے بہت سے میچز فلڈ لائٹس میں بھی کھیلے جائینگے۔