سی پیک پاکستانی معیشت کی ترقی کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کومزیدمستحکم بنانے میں اہم کردار اداکرے گی، وفاقی وزیرخزانہ

اسلام آباد:وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری( سی پیک ) پاکستان کی معیشت کی ترقی کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کومزیدمستحکم بنانے میں اہم کردار اداکرے گی۔انہوں نے یہ بات پاکستان میں چین کے سفیرنونگ رونگ کے ملاقات یہاں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔وزیر خزانہ نے چینی سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے درمیان گہری دوستی اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے چینی سفیر کو پاکستان میں غیر معمولی سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا جس سے بنیادی ڈھانچہ ، زراعت، جان و مال اور بڑے پیمانے پر معیشت کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نےمشکل گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی ہر ممکن مدد کرنے پر چین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔وزیر خزانہ نے چینی قیادت کی طرف سے پاکستان کو 2 اعشاریہ 4 ارب ڈالر کی سنڈیکیٹ سہولت کی ری فنانسنگ میں دی گئی معاونت کو بھی سراہا اور 2023 میں مزید 2 ارب امریکی ڈالر کے سیف چائنا ڈپازٹس کو رول اوور کرنے میں سفیر سے تعاون طلب کیا۔ سی پیک کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ اقتصادی راہداری پاکستان کی معیشت کو آگے لے جانے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے سی پیک کو کامیاب بنانے میں چینی سفیرکو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔چین کے سفیر نے وزیر خزانہ کو ان کی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ سفیر نے پاکستان کے لیے چینی حکومت کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ چین مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے۔چین کے سفیر نے سی پیک کے حصے کے طور پر خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی میں چینی حکومت کی مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ انہوں نے پاکستان میں مختلف منصوبوں میں چینی کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چین کے سفیر کی حمایت اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔