نہتے کشمیریوں پر مظالم میں تیزی

سرینگر: مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فورسز کا محاصرہ جمعہ کو 27ویں روز بھی جاری رہا اور علاقے میں انسانی بحران سنگین شکل اختیار کر گیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسرو س کے مطابق بھارت نے مقبوضہ علاقے میں ریاستی دہشت گردی میں اضافہ کردیا ہے اورنہتے کشمیریوں پر مظالم میں تیزی لائی ہے۔ بھارت نے وادی کشمیرکو کشمیریوں کیلئے ایک بڑی جیل اور جہنم میں تبدیل کردیا ہے۔ مقبوضہ وادی کے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں اورکرفیو اور پابندیوں کی وجہ سے انہیں بچوں کی غذا اورزندگی بچانے والی ادویات سمیت کھانے پینے کی اشیاءکی سخت قلت کا سامنا ہے ۔ قابض انتظامیہ نے بیرونی دنیا سے مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورتحال چھپانے کیلئے انٹرنیٹ اور ٹیلی فون، موبائیل فون اور ٹی وی چینل سمیت تمام مواصلاتی ذرائع مسلسل بندکرر کھے ہیں ۔ مقامی اخبارات اپنے آن لائن ایڈیشن اپ ڈیٹ نہیں کر پا رہے جبکہ اکثر اخبارات کی اشاعت بھی رکی ہوئی ہے۔وادی کشمیرمیں سکول مسلسل بند ہیں ۔ اسکے ساتھ ساتھ قابض انتظامیہ نے حریت رہنماﺅں ، سیاسی کارکنوں اور نوجوانوں کے خلاف بڑے پیمانے پر پکڑ دھکڑ کی کارروائی جاری رکھی ہوئی ہے ۔ اب تک دس ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کر کے جیلوں ، تھانوںاور عارضی حراستی مراکز میں بند کردیاگیا ہے