لائن آف کنٹرول کراس کرنے کا اعلان

لاہور: پاکستانی ڈاکٹرز کا لائن آف کنٹرول کراس کرنے کا اعلان، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم و ستم کا شکار ہونے والے کشمیری عوام کو میڈیکل سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقوام متحدہ کو خصوصی خط بھی تحریر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے کچھ ڈاکٹرز نے اعلان کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں صحت کی سہولیات سے محروم عوام کی مدد کیلئے لائن آف کنٹرول کراس کر جائیں گے۔پاکستانی ڈاکٹرز کی جانب سے اپنے اس مقصد کیلئے اقوام متحدہ کو خصوصی خط بھی تحریر کیا گیا ہے۔ تحریر کردہ خط میں پاکستانی ڈاکٹرز نے اپیل کی ہے کہ اقوا متحدہ کے متعلقہ حکام لائن آف کنٹرول کراس کرنے اور کشمیری عوام کو صحت کی سہولیات پہنچانے کیلئے ان کی مدد کریں۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر اس وقت بدترین ظلم و ستم کا نشانہ بن رہا ہے۔ ظالم دہشت گرد بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی ایک نئی داستان رقم کر رہی ہے۔بھارت کی مودی سرکار نے اپنے آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کرکے مقبوضہ کشمیر کی خود مختار حیثیت ختم کر دی تھی۔ مودی سرکار نے 5 اگست کو یہ اقدام اٹھایا تھا اور اسی روز مقبوضہ کشمیر میں کرفیو بھی نافذ کر دیا تھا۔ مودی سرکار کی جانب سے نافذ کردہ کرفیو تاحال جاری ہے۔ اس دوران کشمیریوں کو تمام طرز کی سہولیات سے محروم کر دیا گیا ہے۔ خاص کر کشمیری لوگ صحت کی سہولیات تک رسائی میں ناکام ہو رہے ہیں۔ اسی باعث اب کچھ پاکستانی ڈاکٹرز نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ لائن آف کنٹرول پار کرکے مظلوم کشمیریوں کی مدد کرنے جائیں گے۔