سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک آرمی کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اب تک ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کے لئے ہیلی کاپٹرز کی62 پروازیں کی جا چکی ہیں، پاک فوج کے7 ہیلی کاپٹرز بشمول ایم آئی 17، پوما اور بیل412 بیس پروازوں کے ذریعے246 افراد کو ریسکیو کر چکے ہیں ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی طرف سے اتوار کو جاری تفصیلات کے مطابق7 فوجی ہیلی کاپٹرز کی مدد سے ریسکیو کی کارروائیوں کے علاوہ 14712 راشن بیگ اور امدادی اشیا گذشتہ 24 گھنٹوں میں تقسیم کی جا چکی ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں متاثرین سیلاب میں7845 راشن بیگز اور1600 خیمے تقسیم کئے گئے۔ مختلف میڈیکل کیمپس میں اب تک 29205 مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ آرمی ائیر ڈیفنس کمانڈ ہیڈکوارٹرز کے تحت آرمی فلڈ ریلیف کوآرڈینیشن سنٹر فوج کی سطح پر کام کر رہا ہے۔ فارمیشنز ایریا میں امدادی اشیا کی وصولی اور تقسیم کے لئے 217 کولیکشن پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔