مشکل حالات میں اپنے سیلاب متاثرہ بھائیوں کی مدد کریں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امداد کی اپیل کردی

راولپنڈی:بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے اوتھل اور بیلامیں خیر پور سندھ آیا ہوں، یہاں بہت تباہی ہوئی ہے، وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، پاکستان آرمی، نیوی، ائیرفورس اور فلاحی ادارے کوشش کر رہے ہیں ، تمام پاکستانی مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ مشکل حالات میں اپنے ان بھائیوں کی مدد کریں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سےجاری بیان کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب زدگان کیلئے یہ اپیل اپنے پاکستانی مخیر حضرات سے کی ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میں چند دنوں سے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کررہا ہوں۔گزشتہ روز میں نے بلوچستان کے علاقے اوتھل اور بیلا جبکہ آج خیر پور سندھ آیا ہوں، یہاں بہت تباہی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، پاکستان آرمی، نیوی، ائیرفورس اور فلاحی ادارے کوشش کر رہے ہیں کہ لوگوں کو ریلیف پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس سال سیلاب بہت بڑے پیمانے پر آیا ہے، اس صورتحال کو معمول پر آنے ، لوگوں کو ریلیف دینے اوربحا ل کرنے میں بہت سال لگ جائیں گے۔آرمی چیف نے کہا کہ میں اپیل کرتا ہوں اپنے تمام پاکستانی مخیر حضرات سے کہ وہ اس مشکل حالات میں اپنے ان بھائیوں کی مدد کریں جو اس وقت بہت ہی مشکل حالات میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن وفاقی حکومت، صوبائی حکومتوں اور آرمڈ فورسز کے وسائل محدود ہیں۔ آپ لوگ سامنے آئیں اور جس طرح سے بھی مدد کرنا چاہتے ہیں آپ ان لوگوں کی مدد کریں تاکہ ان لوگوں کو ہم بحال کرسکیں۔ریلیف اور ریسکیو آپریشن جو تقریبا ختم ہو چکا ہے لیکن اب بحالی کا معاملہ ہے، جس میں بہت وقت لے گا، اس کے لئے ہمیں پوری قوم کی مدد درکار ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دوست ممالک سے ہم نے اور ہماری حکومت نے بھی درخواست کی ہے اور مجھے امید ہے کہ دوست ممالک بھی مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی مدد کے لیے آگے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستانی عوام کی جانب سے اپنے اندرون اور بیرون ملک مقیم اپنے پاکستانی بھائیوں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ آگے آئیں اور ان لوگوں کی مدد کریں جو بہت مشکل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہمیشہ کی طرح ہمارے تارکین وطن پاکستانی اپنے ہم وطنوں کو مایوس نہیں کریں گے۔