وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے جمہوریہ ٹوگو کے وزیر خارجہ رابرٹ ڈسی کی ملاقات

اسلام آباد:وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے جمہوریہ ٹوگو کے وزیر خارجہ رابرٹ ڈسی نے ملاقات کی ۔ وزیر خارجہ نے رابرٹ ڈسی کے پہلے دوطرفہ دورہ پاکستان پر ان کاخیر مقدم کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ٹوگو کے ساتھ اپنے دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔انہوں نے افریقی براعظم کے ساتھ روابط بڑھانے کے لیے حکومت کے وژن کے حصے کے طور پر ٹوگو کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبہ میں تعاون کو بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کو اجاگر کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ، افریقی یونین اور اسلامی تعاون تنظیم جیسے اہم کثیر الجہتی فورمز پر امن اور استحکام کو فروغ دینے میں ٹوگو کے تعاون کو بھی سراہا۔وزیر خارجہ ڈسی نے پاکستان کے ساتھ خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور سیکورٹی کے شعبوں میں تعلقات کو گہرا کرنے کی ٹوگو کی خواہش پر زور دیا۔ انہوں نے ٹوگولیس سفارت کاروں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے پاکستان کی طرف سے فراہم کردہ تعاون کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ٹوگو کے سکیورٹی اہلکاروں کو بھی اسی طرح کی تربیت کے مواقع فراہم کیے جاسکتے ہیں۔دونوں فریقوں نے اعلیٰ سطحی دوطرفہ سیاسی مشغولیت اور عوامی سطح کے تبادلے کے لیے قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک کو مضبوط بنانے اور اقوام متحدہ اور او آئی سی میں قریبی رابطہ کاری پر اتفاق کیا۔ اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران وزیر خارجہ ڈسی پارلیمانی رہنماؤں، دیگر معززین اور کاروباری برادری کے ارکان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔