امریکی سفیر ڈونلڈبلوم کی مزار قائد پر حاضری اور بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش

کراچی:ا مریکی سفیر ڈونلڈبلوم نے کراچی میں قائد اعظم محمد علی جناح کی مزار پر حاضری دی اور آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔امریکی قونصلیٹ سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سفیر ڈونلڈبلوم نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور مہمانوں کیلئے تاثراتی کتاب پر امریکی سفارتخانے کی جانب سے تاثرات درج کئے۔ علاوہ ازیں امریکی سفیر ڈونلڈبلوم نے پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان اور قائد اعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ فاطمہ جناح کی مزار پر بھی حاضری دی۔انہوں نے میوزیم کا دورہ کرتے ہوئے بانی پاکستان کی زندگی سے وابسطہ شاہکار فن پاروں کا معائنہ کیا۔امریکی سفیرنے مہمانوں کی کتاب پر تاثرات درج کرتے ہوئے کہا کہ مزار قائد کا دورہ اور بانی پاکستان محمد علی جناح کے عظیم ورثے کویاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کرنا باعث فخر ہے۔قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنے ملک اور پڑوسی ممالک میں امن سمیت پاکستان میں مذہبی رواداری، معاشی و معاشرتی استحکام کا تصور پیش کیا،امریکا بانی پاکستان کے تصورات کو پھیلانے میں شرا کت دار ہےہم امریکی عوام کی جانب سے پاکستان کو آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔