نفرتوں کے بیج بونے والے عمران خان نے عوام کو سول نافرمانی پر اکسایا، وفاقی وزیر خرم دستگیر

اسلام آباد:وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ نفرتوں کے بیج بونے والے عمران خان نے عوام کو سول نافرمانی پر اکسایا، دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی، ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد مذموم مہم چلائی گئی، ملک کو عمرانی فتنے سے بچانا سب سے اہم ہے، آزادی اظہار اور اداروں پر الزامات لگانے میں فرق ہے، تمام اداروں کی حرمت کوقائم رکھنا ہوگا، حکومتی اقدامات سے معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے، آنے والے دنوں میں مہنگائی میں خاطر خوا کمی آئے گی، جولائی کے بلوں میں مئی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ لگائی گئی ہے، بل جمع کرانے کی آخری تاریخ بڑھانا پڑی تو بڑھائیں گے، تاجروں پر فکسڈ ٹیکس ابھی نہیں لگے گا، مساجد کے بجلی بلوں پر ٹی وی سرچارج نہیں لگے گا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ 2014ء میں عمران خان نے فسطائیت کا آغاز کیا اور غیر جمہوری رویوں کی نفرت بھری زہریلی فصل بوئی، بجلی کے بل جلانے سے اس کا آغاز کیا گیا اور عوام کو سول نافرمانی کی دعوت دی گئی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بنکوں کے ذریعے رقوم نہ بھیجنے اور ہنڈی کے ذریعے رقوم بھجوانے کی مہم چلائی گئی۔پی ٹی وی پر ڈنڈے لے کر قبضہ کیا گیا، پولیس افسران اور اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ 2016ء میں اسلام آباد پر تحریک انصاف نے پھر حملہ کیا جسے اٹک پل پر پسپا کردیا گیا جبکہ دوسری طرف ایک سابق وزیراعظم کو ناحق اور غیر منصفانہ فیصلے کے ذریعے تاحیال نااہل قرار دے دیا گیا اور انہیں پارٹی صدارت سے بھی محروم کردیا گیا۔خرم دستگیر نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے سول نافرمانی کی دعوت سے شروع ہونے والی بات اور رویہ بعد میں تبدیل ہوتا گیا اور غدار میر جعفر، میر صادق امریکی ایجنڈے، ملک دشمنی اور غلامانہ ذہنیت کے بیانات سامنے آنے لگے۔ عمران خان کے علاوہ پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے بھی سینکڑوں دفعہ یہی باتیں دہرائیں جن کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں لیکن اب ہم کسی کو آزادی کارڈ نہیں کھیلنے دیں گے۔ ماضی میں جس جس کو بھی غدار کا لقب دیا گیا تاریخ نے ثابت کیا کہ ان میں سے اکثریت محب وطن تھی اور وہ آئین کی عملداری، صوبوں، اقلیتوں اور خواتین کے حقوق کا مطالبہ کرنے والے تھے۔انہوں نے کہا کہ عمرانی فتنے کو ختم کرنا سب سے اہم ہے۔ ہم نے اس فتنے کو کچلنے کا عزم کیا ہے تو معیشت میں بے یقینی بھی ختم ہو رہی ہے، روپیہ مضبوط ہو رہا ہے، سٹاک مارکیٹ میں بہتری آرہی ہے، معاشی معاملات کی بہتری اور توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے حکومت کے اقدامات کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو عمرانی فسطائیت سے بچانا بہت اہم ہے، آنے والے دنوں میں مہنگائی میں خاطر خواہ کمی آئے گی، ہم نے عوام کو اعتماد دلانا ہے کہ آنے والا کل آج سے بہتر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی اور عمران خان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہوا، معیشت اور ملک کی سفارتی ساکھ کو سابق حکومت نے نقصان پہنچایا۔