کسی جماعت، فرد یا گروہ کو پاک فوج کے خلاف مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، حافظ طاہر محمودا شرفی

لاہور:ملک بھر میں محرم الحرام میں امن و امان کے حوالے سے علما ء و مشائخ کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں ، 12 اگست کو ملک بھر میں شہدا ء اور غازیوں کیلئے یوم دعا و یوم یکجہتی پاک فوج منایا جائے گا ، کسی جماعت ، فرد یا گروہ کو پاک فوج کے خلاف مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ، قوم اور فوج کو تقسیم کرنے اور فوج میں بغاوت پیدا کرنے کی سازشیں کرنے والوں کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اگر باز نہ آئے تو عوامی سطح پر احتساب کریں گے ، آج11 اگست کو ملک بھر میں اقلیتوں کے حقوق پر اجتماعات اور سیمینارز ہوں گے ۔یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے دیگر علما کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر مولانا نعمان حاشر ، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا قاسم قاسمی ، مولانا ذوالفقار ، صاحبزادہ حافظ ثاقب منیر ، مولانا ابو بکر صابری ، مولانا نائب خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے اندر محرم الحرام کے اجتماعات پر امن انداز سے مکمل ہوئیاس پر تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ ، ذاکرین ، واعظین ، پاکستان کے سلامتی کے اداروں ، صوبائی اور وفاقی حکومت اور افواج پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔محرام الحرام میں پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر تمام واعظین ، ذاکرین ، علما و مشائخ اور مقررین نے اس پر عملدرآمد کیاہے اور ان شا اللہ پورے سال میں بھی اسی طرح عملدرآمد ہو گا۔ پیغام پاکستان کی دستاویز پر پندرہ ہزار سے زائد علما و مشائخ ، شیخ الازہر اور امام حرم کعبہ کے دستخط موجودہ ہیں اس کا واحدپیغام یہ ہے کہ اپنا مسلک چھوڑو نہیں اور دوسرے کے مسلک کو چھیڑو نہیں۔ بطور مسلمان ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی غیر مسلم اقلیتوں کا خیال رکھیں۔ پچھلے دو سال میں توہین مذہب اور توہین ناموس رسالت کے حوالے سے ملک میں کوئی ایک پرچہ بھی ایسا درج نہیں ہوا جس میں کہا جائے کہ اس قانون کا غلط استعمال ہوا ہے ۔12 اگست جمہ المبارک کو پورے ملک کے اندر افواج پاکستان کے شہدا کیلئے یوم دعا منایا جائے گااور پاک فوج کے ساتھ اظہاریکجہتی کیا جائے گا۔ ہمارا دین ، ہمارا وطن ، ہماری فوج ہمارے لیے ریڈ لائن ہے ۔ کسی جماعت ، فرد یا گروہ کو پاک فوج کے خلاف مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔انہوں نے کہاکہ سپہ سالار قوم نے جس صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا تاریخ میں اس طرح کا صبر و تحمل کسی سپہ سالار نے نہیں کیا ، لیکن بعض لوگ اس کو کمزوری سمجھ رہے تھے اور انہوں نے فوج کے ادارے کے اندر تقسیم کی سازش شروع کردی ، پاک فوج کو ہندوستان ، اسرائیل اور پاکستان اسلام دشمن قوتیں اسی طرح تقسیم کرنا چاہتی ہیں جس طرح لیبیا ، عراق ، یمن میں کیا گیا لیکن پاکستان میں ایسا نہیں ہو سکتا اور نہ کبھی ہو گا ۔ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ شہباز گل نے جو بات کی اس کی کہیں تائید نہیں ہے ۔ چودھری پرویز الہی جو سب سے بڑے صوبے کے سربراہ ہیں اور پی ٹی آئی کے حلیف ہیں انہوں نے بھی اس کی مذمت کی ہے ۔ سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں کو آئین اور قانون کی مقرر کردہ ریڈ لائن کراس نہیں کرنی چاہیے۔