عمران خان نے افواج پاکستان اور اداروں میں بغاوت پیدا کرنے کی کوشش کی، مریم اورنگزیب

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے افواج پاکستان اور اداروں میں بغاوت پیدا کرنے کی کوشش کی، پی ٹی آئی کے ٹرولرز اور بشریٰ بی بی کے کہنے پر ارسلان خالد نے شہداء اور ان کی فیملیز کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی، عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل نے ان کا لکھا ہوا بیان پڑھا،عمران خان ملک میں آگ لگانا چاہتے ہیں، انہوں نے اپنی جماعت کو فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر کروایا، آج ان کی جماعت سے آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ فارن فنڈنگ کہاں گئی، جو نفرت کے بیج عمران خان نے بوئے، آج اسے کاٹ رہے ہیں، عمران خان کی پوری سیاست نفرت، فتنہ، فساد، انتشار اور غنڈہ گردی پر مبنی ہے، عمران خان نے 2013ء سے 2022ء تک آنے والے پیسے کا حساب ابھی دینا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج ایک شخص ٹی وی سکرین پر نمودار ہوا جو خوف اور گھبراہٹ کا شکار تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی پریس ٹاک میں کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو فوج سے لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ان کی پارٹی کو توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے، انہوں نے توشہ خانہ میں کسی قسم کی خلاف ورزی نہیں کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر کوئی پی ٹی آئی کو نقصان پہنچا رہا ہے تو اس شخص کا نام عمران خان ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے چیف آف سٹاف اور ترجمان نے ان کا لکھا ہوا سکرپٹ اے آر وائے ٹی وی چینل پر پڑھا، اے آر وائے نے تمام صحافتی تقاضوں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اسے آن ایئر کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان اس لئے گھبرائے ہوئے تھے کہ ان کی پارٹی کے ٹرولرز اور بشریٰ بی بی کےکہنے پر ارسلان نے ان شہدا کے خلاف مہم چلائی جنہوں نے وطن عزیز کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔انہوں نے کہا کہ جب ٹرولرز پکڑے گئے تو انہوں نے کہا کہ ہم نے عمران خان کے کہنے پر یہ مہم چلائی، یہ مہم پاکستانیوں، شہداء کی فیملیوں اور مسلح افواج کے خاندانوں نے بھی دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی محب وطن پاکستانی اپنی فوج اور شہداء کے بارے میں ٹرولنگ کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے جو نفرت کے بیج بوئے آج اسے کاٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پوری سیاست نفرت، فتنہ، انتشار، غنڈہ گردی اور فساد پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے ساتھ لڑائی عمران خان نے خود شروع کی اور وہ اپنا موازنہ نواز شریف کے ساتھ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود کو نواز شریف سے کیسے ملا سکتے ہیں؟ نواز شریف تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم رہے ہیں، انہوں نے اپنا اقتدار قربان کیا لیکن آئین پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اس ملک کو جتنی ترقی دی عمران خان اس کا سوچ بھی نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اس ملک کی سالمیت، بقا اور دفاع کیلئے جو کام کئے پاکستان کا ذرہ ذرہ اس کی گواہی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے صرف یہ کہا تھا کہ ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں اور آج بھی ہمارا یہی موقف ہے لیکن عمران خان اداروں کو بغاوت اور سیاسی مداخلت پر اکساتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے چیف آف سٹاف نے عمران خان کی ہدایت پر جو بیان دیا، اس حوالے سے تمام ثبوت عوام کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔عمران خان کے ترجمان نے کہا کہ لانس نائیک سے لے کر بریگیڈیئر تک پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ منسلک ہیں جنہیں اپنے اوتھ کی خلاف ورزی کرنے پر اکسایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے فوج کی کمان کے احکامات نہ ماننے پر انہیں اکسایا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خیالی میڈیا سیل کو حکومت پاکستان کے ساتھ جوڑا اور الزام عائد کیا کہ یہ میڈیا سیل شہداء کے خلاف مہم چلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان کی ذہنیت ہے، وہ ملک میں آگ لگانا چاہتے ہیں، انہوں نے اداروں کے اندر بغاوت کی کال دی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کو معیشت تباہ کرنے، ملک کی اکائیوں کو توڑنے، ملک کے نوجوانوں کو بے روزگار کرنے پر اقتدار سے الگ کیا گیا، جب انہیں اقتدار سے الگ کیا جا رہا تھا تو انہوں نے کہا کہ رجیم چینج ہے، جب انہیں پتہ چلا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو رہی ہے تو انہوں نے سازشی خط کا سہارا لیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی پارٹی کو بھی خراب کیا، ملک کو بھی خراب کیا اور اب اداروں کی ساکھ کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے فارن فنڈنگ لے کر اپنی پارٹی کو فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر کرایا۔ انہوں نے کہا کہ جب فارن فنڈنگ لی جاتی ہے تو پھر کمٹمنٹس بھی پوری کی جاتی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کسی نے نقصان پہنچایا ہے تو اس کا نام عمران خان ہے، عمران خان نے 351 فارن کمپنیوں سے فنڈنگ لی، اس وجہ سے پی ٹی آئی فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر ہوئی۔