کامن ویلتھ گیمز میں واپڈا کھلاڑیوں نے پاکستان کے8 میں سے6 تمغے حاصل کئے

اسلام آباد:پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرنے والے واپڈا کھلاڑیوں نے کامن ویلتھ گیمز میں ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ واپڈا کھلاڑیوں نے کامن ویلتھ گیمز میں مجموعی طور پر اب تک 6 میڈلز حاصل کئے ، جن میں2 سونے، 2 چاندی اور 2 کانسی کے تمغے شامل ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے لئے گولڈ میڈلزجیتنے والے دونوں کھلاڑیوں کا تعلق واپڈا سے ہے ۔واپڈا کے ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے109کلو گرام کیٹیگری میں جبکہ واپڈا ہی کے ارشد ندیم نے جویلین میں90 اعشاریہ18 میٹر شاٹ لگانے کا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے سونے کا تمغہ ملک کے نام کیا ہے۔ اسی طرح واپڈا کے ریسلرز محمد انعام بٹ اور زمان انور نے بالترتیب 86 کلوگرام اور125 کلوگرام کیٹیگری میں چاندی کے تمغے حاصل کیے۔ واپڈا ایتھلیٹس علی اسد اور عنایت اللہ نے بھی شاندار کھیل پیش کیا اور ریسلنگ کی57 کلوگرام اور65 کلوگرام کیٹیگری میں سخت مقابلوں کے بعد برونز میڈل حاصل کئے۔ چیئرمین واپڈا اور پیٹرن انچیف واپڈا اسپورٹس بورڈ نوید اصغر چوہدری نے کامن ویلتھ گیمز میں واپڈا کے کھلاڑیوں کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ واپڈا کے کھلاڑی مستقبل میں بھی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کے لئے کامیابیاں حاصل کریں گے ۔دریں اثنا واپڈا سپورٹس بورڈ کے دیگر عہدیداروں نے بھی پاکستان کے لئے میڈلز جیتنے پر واپڈا کے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ واپڈا گزشتہ پانچ دہائیوں سے ملک میں کھیلوں کی سرپرستی کر رہا ہے ، واپڈا کے کھلاڑی نہ صرف قومی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں بلکہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی پاکستان کیلئے کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں، اس وقت واپڈا کی34 ٹیمیں قومی چمپیئن جبکہ19 رنرز اپ ہیں ۔ واپڈا ملک میں کھلاڑیوں کو روزگار فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے مختلف یونٹوں کے ساتھ ملک بھر سے دو ہزار400 سے زائد کھلاڑی اور آفیشلزوابستہ ہیں ۔ واپڈا کی مختلف کھیلوں میں مجموعی طور پر 65 ٹیمیں ہیں جن میں سے 36 مردوں جبکہ29 خواتین کی ہیں۔

Spread the love