کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈرعمر خراسانی ساتھیوں سمیت افغانستان میں ہلاک

کابل:کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا اہم کمانڈر عمر خالد خراسانی ساتھیوں سمیت افغانستان میں ہلاک ہوگیا۔کالعدم ٹی ٹی پی کا کمانڈر عبدالولی عرف عمر خالد خراسانی افغان صوبے پکتیکا کے علاقے سراکی کلی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ہلاک ہوا۔عمر خالد خراسانی کے ساتھ ہلاک ہونے والے ساتھیوں میں مفتی حسن اور حافظ دولت بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ عمر خالد خراسانی کا شمار ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈرز میں کیا جاتا تھا اور تنظیمی دائروں میں انہیں قابل اعتماد ملٹری کمانڈر کے طور پر جانا جاتا تھا۔عمر خالد خراسانی کا ’القاعدہ‘ اور اس کے سربراہ ایمن الظواہری سے بھی قریبی تعلق تھا جو چند روز قبل ایک امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔عمر خالد خراسانی نے کابل میں پاکستان کے ساتھ حالیہ امن مذاکرات میں بھی حصہ لیا تھا جبکہ وہ سانحہ آرمی پبلک اسکو ل (اے پی ایس )کا بھی ماسٹر مائنڈ تھا۔