ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء کیلئے تاجر انصاف چیمبر پشاورمیں قرآن خوانی کا اہتمام

پشاور: صدر تاجر انصاف شاہد خان کی زیر صدارت تاجر انصاف چیمبر میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونیوالے لیفٹیننٹ جنرل اور دیگر پاک فوج کے افسران کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پشاور بھر کے بازاروں کے صدور ‘ جنرل سیکرٹریز اور تاجروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی ۔صدر تاجر انصاف شاہد خان نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران کے غمزدہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسران اور اہلکار ملک کے اصل ہیروز ہیں جنہوں نے ملک و قوم کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں جس کو تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج ایک ایسا ادارہ ہے جس کے افسران اور اہلکار ہر مشکل وقت میں عوام کیساتھ کھڑے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مذکورہ پاک فوج کے افسران امدادی کارروائیوں میں مصروف تھے کہ حادثہ پیش آیا جس میں انہوں نے اپنی زندگیوں کی قربانیاں پیش کیں ۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کی تاجر برادری غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور جب بھی پاک فوج کو تاجر برادری کی ضرورت پڑی تو تاجر برادری ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی ۔