کوئی محب وطن اپنےملک کی سالمیت کےخلاف بات نہیں کرسکتا، فرح عظیم شاہ

اسلام آباد:بلوچستان حکومت کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ ملک کی سالمیت اور استحکام کیلئے متحد ہوجائیں، بلاجواز پراپیگنڈا نہیں ہونا چاہئے، تمام رنجشوں کو بھلا کر متحد ہوجائیں کیونکہ آج ہمیں ایمان، اتحاد اور تنظیم کی سخت ضرورت ہے، سوشل میڈیا کا دور ہے، بات کو بغیر تصدیق کے آگے بڑھایا جاتا ہے، کسی بھی بات کو آگے پھیلانے کے حوالہ سے ہم سب کو احتیاط کرنی چاہئے، ہیلی کاپٹر حادثہ کے تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ایک جنگ ہے جسے ہائبرڈ وار کا نام دیا گیا ہے۔ اگر کسی قوم یا ملک کو تباہ کرنا ہو تو سوشل میڈیا سب سے بہترین ہتھیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی سب کچھ ہم اپنے ملک میں بھی دیکھ رہے ہیں، جانے انجانے میں ہم بیرونی سازشوں کا آلہ کار بنے ہوئے ہیں، ہمارے منہ سے نکلا ہوا ایک ایک لفظ بہت بڑی ذمہ داری ہے کیونکہ جہاں ملک کی سالمیت کی بات ہو، ملک کے استحکام کی خاطر ہماری زبانیں بند ہوجانی چاہئیں،آجکل سوشل میڈیا کا دور ہے جس میں بات کو بغیر تصدیق کے آگئے بڑھایا جاتا ہے، ہیلی کاپٹر حادثہ کے حوالہ سے ہم سب اس مذموم سوشل میڈیا مہم کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام پاکستانیوں، میڈیا اور خصوصا میڈیا مالکان سے کہتی ہوں کہ وہ بھی محب وطن ہیں لہذا ایسے پراپیگنڈہ کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے پیغام کے حوالہ سے ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ ہم سب کو اس مسئلہ کا حل ڈھونڈنا چاہئے۔انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو کہا کہ ہم تمام رنجشوں کو بھلا کر متحد ہوجائیں کیونکہ آج ہمیں ایمان، اتحاد اور تنظیم کی سخت ضرورت ہے۔ حکومت بلوچستان کی جانب سے اپنے تمام پاکستانیوں کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ ہم سب نے متحد ہوکر ایسی بیرونی سازشوں کو ناکام بنانا ہے جن سے پاکستان کی سالمیت اورترقی کو نقصان پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج جو کچھ بھی ہیں صرف پاکستان کی وجہ سے ہی ہیں اس لئے تمام سیاسی جماعتوں بشمول تمام اداروں اور عوام کو چاہئے کہ وہ متحد ہوں کیونکہ پاکستان اس وقت جس دور سے گزر رہا ہے ہم اس کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ کا کہنا تھا کہ بیرونی سازشیں ہمیں کمزور کرنے کے درپے ہیں لہذا کوئی بھی ہمارے اداروں یا پاکستان کی سالمیت پر گندی نگاہ ڈالے یہ ہم سے برداشت نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میں ہیلی کاپٹر کے حادثہ میں تمام شہداء کو سلام پیش کرتی ہوں کیونکہ وہ ہمارے ہیروز ہیں جو ملکی سرحدوں پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے علاوہ ملک میں آنے والے قدرتی آفات کے دوران بھی عوام کی مدد کرتے ہیں، ہم اپنے اداروں کے خلاف کیسے بات کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کور کمانڈر جنرل سرفراز علی شہید انسانیت کی خدمت کا اعلیٰ نمونہ تھے اور ان کی شہادت سے ہونے والا نقصان کبھی بھی پورا نہیں کیا جاسکتا اس کے علاوہ بریگیڈیئر امجد حنیف، بریگیڈیئر محمد خالق، میجر سعید احمد، میجر طلحہ منان اور نائیک مدثر نے بھی ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اوربلوچستان کی عوام اس احسان کو کبھی نہیں بھلا سکے گی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان کی عوام اپنی افواج کی شانہ بشانہ کھڑی ہے کیونکہ پاک فوج ہی ہماری سلامتی کی ضامن ہے اور ہماری جغرافیائی سرحدوں کے ساتھ ساتھ ہماری نظریاتی سرحدوں کی بھی محافظ ہے ۔ لہذا اگر کسی نے بھی ہمارے ملک یا افواج پاکستان کی جانب دیکھا تو ہم اپنے ملک اور افواج کیلئے جانیں قربان کرنے میں ذرا بھی دیر نہیں لگائیں گے۔