کشمیر پریمیئر لیگ:پاکستان کی خطے کے لوگوں سے 75 سالہ محبت کا عکس

مظفر آباد : کشمیر پریمیئر لیگ صرف ایک کرکٹ لیگ ہی نہیں بلکہ اپنی جدت کے ساتھ کھیلوں کے اعتبار سے پاکستان کا ایک قومی اثاثہ اور خطے کا دوسرا بہترین برانڈ بن چکا ہے، عالمی معیار کی اس کرکٹ لیگ کے آغاز کا ایک مقصد یہ تھا کہ کشمیر کی کھیلوں کی کمیونٹی پر دیرپا اثر چھوڑا جائے تاکہ کرکٹ کا جنون رکھنے والے مقامی کھلاڑیوں کی بہتری کے لیے کام ہو اور کشمیر کرکٹ کا ایک قابل عمل مقام بنے۔مقاصد کے حصول کے لیے سیزن ون کی کامیابی اہم تھی اور یہ خطہ کشمیر کے لوگوں کے درمیان ایک مثالی تبدیلی لانے کا باعث بنا، تقریباً 43.1 ملین لوگوں نے اس شوکیس ایونٹ کو دیکھا اور کشمیر پریمیئر لیگ سب سے زیادہ دیکھی جانے والی لیگوں میں سے ایک بن گئی، جس نے اس چیز کو آشکار کیا کہ لوگ اس خطے کو خاص طور پر کھیلوں کے حوالے سے کس طرح دیکھتے ہیں۔اپنے ابتدائی سیزن میں شاندار کامیابی سمیٹنے کے بعد کشمیر پریمئر لیگ کا دوسرا سیزن 13 سے 26 اگست 2022ء تک دل موہ لینے والے مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور دن میں دو میچز ہوا کریں گے، جہاں پہلا میچ دوپہر 2 بجے شروع ہوگا تو دوسرے میچ میں شائقین کو شام 7 بجے اپنے من پسند کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔لیگ میں اس بار ایک نئی ٹیم ’جموں جانباز‘ کا بھی اضافہ کیا گیا ہے جس کے آئیکون پلیئر قومی ٹیم کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز شرجیل خان ہیں اور ٹیم کے ساتھ بطور مینٹور اور کھلاڑی ’بوم بوم‘ شاہد خان آفریدی بھی جڑے ہوئے ہیں۔ایونٹ میں شریک دیگر 6 ٹیمیں راولا کوٹ ہاکس، کوٹلی لائنز، مظفرآباد ٹائیگرز، میرپور رائلز، اوورسیز واریئرز اور باغ سٹالینز ہیں، ان ٹیموں میں بھی کرکٹ کی دنیا کے بڑے نام شعیب ملک، کامران اکمل، محمد عامر، اسد شفیق، محمد حفیظ اور خرم منظور بطور آئیکون پلیئرز ایکشن میں دکھائی دیں گے۔دوسرے سیزن میں کے پی ایل بطور کرکٹ لیگ اپنے نئے براڈکاسٹ اور میڈیا پارٹنرز کے ساتھ براڈ کاسٹنگ کے لحاظ سے عالمی رجحان بنتا جا رہا ہے، لیگ کا دوسرا سیزن پہلے سیزن کی میراث کو آگے بڑھاتے ہوئے کرکٹ اور پروڈکشن کے معیار کو مزید بہتر بنائے گا جسے اس بار ایک بالکل نئے ٹائٹل اسپانسر “کنگڈم ویلی” کے اضافے کے ساتھ پیش کیا جارہا ہے، اس امید کے ساتھ کہ نیا ٹائٹل اسپانسر اس لیگ میں اب ایک نیا جذبہ لائے گا اور کشمیر پریمیئر لیگ کے برانڈ کو سرحدوں سے آگے بڑھانے کا باعث بنے گا۔کشمیر پریمیئر لیگ کا ایک مقصد یہاں کے لوگوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں سے محبت، امن اور ہم آہنگی کا نظریہ پروان چڑھتا ہو کیوں کہ کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جو اس خطے کے لوگوں کو جوڑتا ہے اور کے پی ایل کا دوسرا سیزن اتحاد کا ایک ایسا تاثر پیدا کرنا چاہتا ہے جو آزادی کے 75 سال کے موقع کی عکاسی کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس کا ہیش ٹیگ اور ترانہ محبت اور جوش و جذبے کی نمائندگی کرتا ہے۔