آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا رسالپور اور نوشہرہ کا دورہ، یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے رسالپور اور نوشہرہ کا دورہ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے رسالپور اور نوشہرہ کا دورہ کیا، ملٹری کالج آف انجینئرنگ پہنچنے پر آرمی چیف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔آرمی چیف کو ملٹری کالج آف انجنیئرنگ رسالپور کے امور کار پر بریفنگ دی گئی جبکہ آرمی چیف کو کائونٹر آئی ای ڈیز ایکسپلوسیو اسکول سی ای ایم ایس کے بارے میں بھی تفصیلی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی ای ایم ایس میں تینوں مسلح افواج اور پولیس کے اہلکاروں کو کاونٹر آئی ای ڈیز کی ٹرینگ دی جاتی ہے۔اس تربیت کے نتیجے میں انسداد دہشت کے کامیاب آپریشن، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بارودی سرنگیں تلف کرنے میں مدد ملے گی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے کالج کی سٹرکچرل لیب کا بھی دورہ کیا جبکہ آرمی چیف نے کور آف انجینئرز کی مہارتوں کی تعریف بھی کی۔بعد ازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمر اینڈ میکنائزڈ وار فئیر اسکول نوشہرہ کا بھی دورہ کیا جہاں آرمی چیف کو تربیتی امور اور جنگی ضروریات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے مشینی جنگی تربیت کے لئے سنٹر آف ایکسی لینس کا بھی افتتاح کیا جس سے طلباء کی تکنیک اور حکمت عملی کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مستقبل میں ابھرتے ہوئے میدان جنگ کے چیلنجوں سے ہم آہنگ رہنے اور نئے خطرات پر قابو پانے کے لئے افسران اور جوانوں کو تیار کرنے پر ارمر اینڈ میکنائزڈ وار فئیر سکول کی تعریف کی۔