زیادہ سے زیادہ افراد کی بیمہ پالیسی تک رسائی یقینی بنانے کیلئے عالمی معیار کے ڈیجیٹل ذرائع بروئے کار لائے جائیں ، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سرکاری و نجی شعبہ کی انشورنس کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ افراد کی بیمہ پالیسی تک رسائی یقینی بنانے کیلئے عالمی معیار کے مطابق ڈیجیٹل ذرائع کو بروئے کار لائیں، لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور اسلامی تکافل (انشورنس) کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے علماء کرام کو شامل کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں انشورنس انڈسٹری میں بیداری اور ٹیکنالوجی کی اہمیت کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ انشورنس سیکٹر کے ڈیجیٹل جزو کے پیش نظر وسیع تر رازداری اور ڈیٹا کے تحفظ کے مسائل پر گہری توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجیز انشورنس سیکٹر میں جدت لانے اور انشورنس مارکیٹوں کے ریگولیٹری طریقوں پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجیز کے ذریعے جدت مالیاتی شعبہ میں تبدیلی کا ایک اہم محرک ہے اور یہ رسک ڈسٹری بیوشن کا باعث بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ انشورنس سیکٹر ٹیکنالوجی میں پیشرفت سے مستثنیٰ نہیں ہے جس میں خدمات کی فراہمی کے نئے طریقوں کے ساتھ ساتھ ڈیٹا اکٹھا کرنے کے زیادہ مواقع موجود ہیں ، انشورنس سیکٹر خطرے کی بہتر شناخت اور حادثاتی نقصانات کو کم کرنے میں اپنا حصہ ڈال سکتا ہے۔مصنوعی ذہانت کے استعمال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی صارفین کو درستگی کے ساتھ بہتر تجربہ فراہم کر سکتی ہے، رسک ڈسٹری بیوشن کے تناظر میں کمپیوٹنگ پر مبنی بلاک چین ڈیٹا کی سائبر سیکیورٹی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشاہداتی ثبوت کے علاوہ بیمہ کنندہ کے ریکارڈ کو تلاش کرنے کا ایک اور پہلو سماجی رویے ہیں۔صدر عارف علوی نے کہا کہ ملک میں آٹوموبائل انشورنس کمپنیاں کم انشورنس پریمیئم کے لئے جی پی ایس کی سہولت فراہم کرتی تھیں، پروڈکٹ کے بارے میں مارکیٹنگ کرنے کے علاوہ ہیلتھ انشورنس سے متعلق مراعات سے بھی لوگوں کو انشورنس حاصل کرنے کیلئے راغب کیا جا سکتا ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے انشورنس کمپنیوں کو ایک سروے کرنے کی تجویز پیش کی کہ لوگ بیمہ کرانے سے کیوں گریز کرتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاور جمیل نے کہا کہ انشورنس کی ترقی کا ملک کی مجموعی ترقی میں اہم کردار ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ہدایات کی روشنی میں وفاقی انشورنس محتسب کی کارکردگی میں مزید بہتری لائی گئی ہے۔اس موقع پر انہوں نے شرکاء کو ادارہ کی کارکردگی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ تقریب میں وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کشمالہ طارق، انشورنس کمپنیوں کے نمائندوں اور متعلقہ شعبے کے ماہرین نے شرکت کی۔