مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست کا یکطرفہ بھارتی اقدام غیر آئینی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے، راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں 5 اگست کا یکطرفہ اقدام غیر آئینی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے،عالمی برادری کشمیریوں کے حقوق کے لئے سکوت توڑے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ 5 اگست کو منائے جانے والے “یوم استحصال ” کے حوالے سے بدھ کو ”اے پی پی”سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کا 5 اگست 2019ء کا کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا یکطرفہ اقدام غیر آئینی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے، کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو چاہیے کہ اس مسئلے کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں اور بھارت نے جس طرح کشمیریوں کی آزادی اور خودمختاری سلب کرکے ان کا استحصال کیا ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ 9 لاکھ سے زائد بھارتی فوج کشمیر کے گلی محلوں میں کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے۔ لوگوں کو اغواء کیا جارہا ہے اور بڑی تعداد میں کشمیری لاپتہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر کے بارے میں سکوت توڑے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کاحق خودارادیت دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے ہمیشہ کشمیری بہن بھائیوں کا ساتھ دیا ہے اور آخر دم تک دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت سے کہا کہ وہ کشمیریوں کے انسانی حقوق اور ان کی شخصی آزادی، احساسات اور جذبات کا خیال کرے اور پانچ اگست 2019ء کے کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کے غیر آئینی اقدام کو واپس لے۔