بھارت کے غیر قانونی اقدا مات کے خلاف پاکستانی اور کشمیری عوام 5 اگست کو یوم استحصال منائیں گے، جنرل سیکرٹری حریت کانفرنس

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی اقدامات کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے پاکستان اور کشمیر کے عوام اس دن کو یوم استحصال کے طور پر منائیں گے، بھارت 5 اگست کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی کے تناسب کو تیزی سے تبدیل کررہا ہے، اس مقصد کے لئے مقبوضہ علاقے میں بھارتی قوانین کا اطلاق بھی عمل میں لایاگیا ہے۔پیر کو ‘اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت ایک منصوبہ بند طریقے پر کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے، مودی کی قیادت میں بھارتی انتہا پسندوں نے خطے کا امن دائو پر لگادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر75 سال سے جاری غیر قانونی بھارتی قبضہ اور بھارتی قابض افواج کی انتہائی بربریت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو پست کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے، اقوام متحدہ کشمیر کے بارے میں پاس شدہ قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اور ان کی پرعزم قیادت حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے اور وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی آزادی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو واپس لینا چاہیے اور مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے لیے اپنے غیر قانونی اقدامات کو روکنا چاہیے۔شیخ عبدالمتین نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کررہا ہے، کشمیری عوام بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے باوجود حق خودارادیت کے لئے اپنی تحریک جاری رکھیں گے۔ 5 اگست کو عالمی برادری کو یہ یاددہانی کرائیں گے کہ کشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے جس پر بھارت نے تمام بین الاقوامی قوانین کو نظرانداز اور متنازعہ خطے کے عوام کی خواہشات کے برعکس قبضہ کررکھا ہے۔