کامن ویلتھ گیمز مینز ہاکی ٹورنامنٹ ، پاکستان اپنا تیسرا میچ 3 اگست کو سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گا

برمنگھم:پاکستان ہاکی ٹیم کامن ویلتھ گیمز، مینز ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنا تیسرا میچ 3 اگست کو سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی ۔ پاکستان ٹیم کو پول اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سکاٹ لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ گرین شرٹس نے اپنی مہم کا آغاز 30 جولائی کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے کیا تھا جو 2-2 گول سے برابر رہا تھا ، اس کے بعد پاکستان ٹیم کو دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 1-4 گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔پاکستانی سکواڈ اکمل حسین، عبداللہ اشتیاق خان، مبشر علی، عماد شکیل بٹ، ایم حماد الدین انجم، محمد عبداللہ، رضوان علی، محمد عمر بھٹہ، معین شکیل، عبدالمنان، جنید منظور، غضنفر علی، اعجاز احمد، رانا عبدالوحید، رومان، افراز، عبدالحنان شاہد اور احمد ندیم پر مشتمل ہے ۔ کامن ویلتھ گیمز کا آغاز 28 جولائی سے انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں ہوچکا ہےجس میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ہاکی ایونٹ میں 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے نبر آزما ہیں۔پول اے میں پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سکاٹ لینڈ جبکہ پول بی میں بھارت، انگلینڈ، کینیڈا، ویلز اور گھانا کی ٹیمیں شامل ہیں، آسٹریلوی ٹیم اعزاز کا دفاع کے لئے کوشاں ہے ، میگا ایونٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم اپناتیسرا میچ 3 اگست کو سکاٹ لینڈ جبکہ چوتھا اور آخری میچ 4 اگست کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی ، ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز 6 اگست جبکہ فائنل 8 اگست کو کھیلا جائے گا۔