افغانستان کے عوام کیلئے امدادی سامان کی روانگی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی شرکت

اسلام آباد:پاکستان کی جانب سے افغانستان میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی تیسری کھیپ افغانستان کے حوالے کر دی گئی۔ اس حوالے سے تقریب نور خان بیس راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیر برائے خارجہ امور بلاول بھٹو زرداری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ افغانستان کے ناظم الامور سردار محمد شکیب نے افغان حکومت کی جانب سے امدادی سامان وصول کیا۔ تقریب میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز بھی موجود تھے۔این ڈی ایم اے ،وزرات خارجہ اور پاکستان میں افغان سفارتخانے کے اعلیٰ حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے افغانستان میں آفت زدہ علاقوں کی مدد کے لئے 10.6 ٹن کھیپ کا انتظام کیا جس میں موسم سرما کے لیے گرم کپڑے،خیمے، کمبل، ترپال اور اشیاء خوردونوش آٹا، گھی/کھانے کا تیل اور چینی شامل تھی۔تقریب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سیلاب اور زلزلے جیسی قدرتی آفات سے دوچار افغانستان کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی میں کھڑا ہے۔ انہوں نے افغانستان کو امدادی سامان کی فوراً فراہمی کیلئے این ڈی ایم اے، وزرات خارجہ، پاک فضائیہ اور متعلقہ محکموں کے کردار کو بھی سراہا۔اسلام آباد میں افغان ناظم الامور نے افغانستان کو امداد فراہم کرنے پر پاکستان کی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے متاثرین کے لیے ریلیف پیکیج میں کپڑے شامل کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل این ڈی ایم اے نے فوری طور پر افغانستان کے زلزلہ زدگان کیلئے 23 جون کو بذریعہ روڈ اور 24 جون کو دوسری کھیپ بذریعہ ہوائی جہاز بھجوائی تھی۔ دونوں کھیپوں میں خاندانی خیمے، کمبل، ترپال، ضروری اشیائے خوردونوش اور متاثرہ افراد کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے طبی سامان موجود تھا۔