سی پیک جوائنٹ ورکنگ گروپ کے بین الاقوامی تعاون اور رابطہ کا تیسرا اجلاس

اسلام آباد:سی پیک جوائنٹ ورکنگ گروپ کے بین الاقوامی تعاون اور رابطہ کا تیسرا اجلاس ورچوئل طریقے پر منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور چین کے معاون وزیر خارجہ وو جیانگ ہائو نے کی۔دونوں اطراف کی وزارت خارجہ کے سینئر حکام کے علاوہ متعلقہ اداروں جن میں پاکستان کی وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اور بورڈ آف انویسٹمنٹ اور چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن شامل ہے، نے بھی شرکت کی۔دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کے دوران فریقین نے سی پیک پر عملدرآمد جاری رکھنے اور مشترکہ طور پر متفقہ ترجیحی علاقوں میں اس کی توسیع کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری خارجہ نے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں پاک چین اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی مرکزیت پر زور دیا۔سیکرٹری خارجہ نے کہاکہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل اور پائپ لائن میں اہم منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے میں مسلسل پیشرفت دوطرفہ تعاون کو تقویت دے رہی ہے اور پاکستان کی اقتصادی جدید کاری کی بنیاد کو مزید مضبوط کر رہی ہے اور پائیدار ترقی اور خوشحالی کی صلاحیت کو بڑھا رہی ہے۔اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سی پیک کی ترقی ایک نئے موڑ پر پہنچ گئی ہے، جس میں صنعت، زراعت، آئی ٹی اور سائنس و ٹیکنالوجی کی اعلیٰ معیار کی ترقی پر زور دیا جا رہا ہے جبکہ لوگوں کے لیے ٹھوس سماجی و اقتصادی فوائد کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ فریقین نے سی پیک کے تعاون کو اجاگر کرنے کے لیے میڈیا اور تھنک ٹینکس کی حمایت اور حوصلہ افزائی پر بھی اتفاق کیا۔