آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا جدید ترین ٹنلنگ انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹنلنگ انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان اور نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ کیا،آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ایف ڈبلیو او کےجدید ترین ٹنلنگ انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کیا، ادارے کا مقصد سرنگوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو فروغ دینا ہے، ادارہ ٹنلنگ کے شعبے میں تحقیق، ترقی اور وسائل کو ہم آہنگ کرے گا، ادارہ تعلیمی اور صنعتی ماہرین کے ذریعے ٹنلنگ کی تعلیم کو فروغ دینے کا پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ٹی آئی پی اپنی نوعیت کا دنیا میں چھٹا ادارہ ہے جو کہ دس ماہ کی قلیل مدت میں ایف ڈبلیو او نے نہ صرف مکمل کیا بلکہ یہ ادارہ اپنے فرائض کی انجام دہی کا آغاز بھی کر چکا ہے ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے پولیو مہم کو کامیاب بنانے اور درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کی ادارے کی کوششوں کو سراہا۔ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے مقصد کے حصول کیلئے آرمی چیف نے پولیو ٹیموں کو محفوظ ماحول کی فراہمی اور حساس مقامات پر وسائل کی دستیابی سمیت اضافی افرادی قوت مہیا کرنے کی بھی ہدایت کی ۔