پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعتماد کا رشتہ بہت گہرا ہے، وفاقی وزیر اسعد محمود

اسلام آباد:وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نےوزارت مواصلات میں ملاقات کی۔ملاقات میں مواصلات کے وفاقی سیکرٹری و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا،وزارت مواصلات اور این ایچ اے کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اسعد محمود نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے درمیان محبت اور اعتماد کا غیر معمولی رشتہ بہت گہرا اور پرانا ہے۔مکہ اور مدینہ ہمارے ایمان کا محور ہیں،عقیدت الفاظ میں بیان نہیں کی جاسکتی۔وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی معیشت کے استحکام اور اس کے عوام کی فلاح بہبود کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔انہو ں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان دونوں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سرکردہ رکن ہیں۔انہو ں نے مزید کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو پٹرولیم مہیا کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔انہو ں نے کہا کہ یہ پاکستان کو بڑے پیمانے پر معاشی امداد بھی فراہم کرتا ہے اس کے ساتھ ساتھ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر بھی پاکستان کے لئے غیر ملکی کرنسی کا اہم ذریعہ ہیں۔انہو ں نے کہا کہ سعودی عرب میں تقریباً 20 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں جو وہاں سے 5.8 ارب ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھیجتے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کو وسیع پیمانے پرمذہبی اور تعلیمی مدد بھی فراہم کی ہے،جس کے تحت فیصل مسجد سمیت پاکستان بھر میں مساجد اور مدرسوں کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا گیا ہے۔انہو ں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے 2019 میں جوائنٹ ورکنگ گروپ آن انفراسٹرکچر اینڈ کمیونیکیشنز، پاک سعودی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے تحت قائم کیا گیا۔اسعد محمود نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینا ن ہے کہ پاکستان میں سعودی فنڈز سے اعلی معیار کی سڑکیں اور سرنگیں تعمیرکی گئی ہیں۔انہو ں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری شعبہ میں مزید تعاون کیلئے سفارشات مرتب کی گئی ہیں،جو سعودی عرب کو پیش کی جائیں گی۔اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے اور پاکستان ترقی اور سلامتی پوری مسلم دنیاکیلئے اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہر شعبہ میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ مسقتبل میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی شعبہ میں تعاون کا دائرہ کار مزید وسیع ہوگا۔

Spread the love