پاکستان کینیڈا کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے، ریکوڈک منصوبے سے روزگار کے مواقع اور بالخصوص بلوچستان کے عوام کے لئے اقتصادی مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر وینڈی گلمور سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم سے یہاں ملاقات کی اور پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوستی اور خیر سگالی پر مبنی طویل مدتی شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ کینیڈا کی کمپنیاں پاکستان میں حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کا فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور بالخصوص بلوچستان کے عوام کے لئے اقتصادی مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ میرک گولڈ جلد منصوبے پر کام شروع کر دے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام ضروری ہے، بین الاقوامی برادری کو افغانستان میں انسانی اور اقتصادی بحران سے بچنے کے لئے کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔ یوکرین کے معاملے پر بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی چارٹر پر عملدرآمد کے لئے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ سفارتکاری اور بات چیت کے ذریعے اس مسئلے کے پر امن حل کے لئے اقدامات کرے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کینیڈا کی ہائی کشمنر کو یوکرین کے عوام کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستان سے بھجوائے جانے والے امدادی سامان سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان عوام کی سطح پر رابطے اور اعلیٰ سطح کے دورے بڑھانے کی ضرورت ہے اور دونوں ممالک کو سفارتی تعلقات کے پچھترویں سالگرہ کو بھرپور طریقے سے منانا چاہیے۔کینیڈا کی ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیڈا کی کمپنیوں کو پاکستان میں معاشی اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے 15 اگست 2021ء کے بعد کینیڈا اور پاکستان کے درمیان تعاون اور بالخصوص کینیڈا کے شہریوں کے انخلاء میں مدد فراہم کرنے پر پاکستان کے تعاون کو سراہا۔ وزیراعظم نے کینیڈا کے ہم منصب جسٹن ٹروڈو کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اور کہا کہ اس دورے سے پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔

Spread the love