پاکستان ایران کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، وفاقی وزیر مواصلات

اسلام آباد:وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات کثیر الجہتی نوعیت کے ہیں، پاکستان، ایران کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،جو ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مستحکم ہو رہے ہیں، تمام دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور میں ہمارے اور ایران کے درمیان مکمل اعتماد اور ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت مواصلات میں پاکستان میں تعینات ایران کے سفیرسید محمدعلی حسینی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا سمیت، وزارت مواصلات اور این ایچ اے کے سینیئر افسران بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے کہا کہ اگرچہ دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ تجارتی حجم تقریبا ایک ملین امریکی ڈالر ہے جو انتہائی کم ہے، تاہم پاکستان پرعزم ہے کہ دو طرفہ تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر کی سطح پر لایا جا ئے۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کیلئے ایک گوادر کے قریب ایک اضافی بارڈر کراسنگ پوائنٹ / بارڈر ٹرمینل پاکستان نے حال ہی میں آپریشنل کر لیاہے، پاکستان اور ایران کے درمیان انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ معاہدے کا مقصد ترکی سے پاکستان کیلئے ٹریفک/ ٹرکوں کو ایران سے گزرنے کی سہولت دینا،جبکہ ایرانی سامان تجارت اور مسافروں کو چین جانے کیلئے پاکستان سے گزرنے کی سہولت دینا ہے،جس سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس معاہدے پر عملدرآمد سے پاکستان کو وسطی ایشیائی ریاستوں اور ترکی کے ذریعے یورپ تک رسائی حاصل ہونے کا فائدہ حاصل ہوسکتا ہے۔اسعد محمود نے کہا کہ کوئٹہ۔تافتان روڈ کی اس وقت حالت بہتر ہے،تاہم سڑک کو مزید بہتر بنانے کیلئے مختلف منصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔ وفاقی وزیر مواصلات نے پاکستانی تاجروں اور زائرین کیلئے ویزہ شرائط کو آسان بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا کہ ایران اور پاکستان صدیوں پرانے تہذیبی،ثقافتی اور دینی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان معاشی شعبہ میں تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدوں پر عملدرآمد سے دونوں ممالک ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گے۔ایرانی سفیرنے ٹرانسپورٹیشن اور روڈ انفراسٹرکچرکے حوالہ سے کہا کہ وہ پاک۔ایران روٹس کی عالمی معیار کے مطابق تعمیر کو یقینی بنانا چاہتے ہیں تاکہ مسافروں کو سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ سہل اور آسان سفر مہیا کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف شعبہ جات میں ترقی کے حصول کیلئے دونوں ممالک کے ماہرین میں باہمی امور پر گفت وشنید ضروری ہے تاکہ دونوں ممالک کو درپیش مسائل حل کرنے میں مدد مل سکے۔