ڈیجیٹل بزنس میں آسانیاں پیدا کرنے سے آئی ٹی کی ایکسپورٹ کو ریکارڈ سطح تک پہنچایا جا سکتا ہے،سیدامین الحق

اسلام آباد:وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی سیدامین الحق نے کہاہے کہ دنیا ڈیجیٹلائزیشن کی طرف مائل ہو چکی ہے، اس کےساتھ چلنے کے لئے ہمیں آئی ٹی امور میں آسانیاں پیداکرنا ہو ں گی، ڈیجیٹل بزنس میں آسانیاں پیدا کرنے سے آئی ٹی کی ایکسپورٹ کو ریکارڈ سطح تک پہنچایا جا سکتا ہے۔انہوں نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ دنیا تیزی سے ڈیجیٹلائزیشن کو اختیارکررہی ہے ، پاکستان کو ڈیجیٹل دنیا کے ساتھ قدم بہ قدم چلنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے اور آئی ٹی امور میں آسانیاں پیداکرناہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں ڈیجیٹل بزنس میں آسانیاں (ایز آف ڈوئنگ بزنس) پیداکرنے کے لئے دنیا ایک دوسرے سے سبقت لے جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی ایکسپورٹ کو ریکارڈسطح تک پہنچایا جاسکتاہے لیکن اس کے لئے ضروری ہے آئی ٹی بزنس میں انقلابی اقدامات کرتے ہوئےآسانیاں پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی پورے پاکستان میں براڈ بینڈ سروسز اور فائبر آپٹیکل کیبل کے منصوبوں پر کا م کررہی ہے اور اس سلسلہ میں 8 نئے منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔ان منصوبوں کی تکمیل سے مجموعی طورپر 33 لاکھ سے زائد آبادی کو ڈیجیٹل سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ یہ منصوبے وزارت آئی ٹی کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے زیر اہتمام مکمل کئے جائیں گے ۔