وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دو روزہ سرکاری دورے پر ایران روانہ

اسلام آباد:وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دو روزہ سرکاری دورے پر منگل کو ایران روانہ ہوگئے، انہیں اس دورے کی دعوت ایرانی ہم منصب ڈاکٹر امیر عبداللہیان نے دی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنے ایرانی ہم منصب سمیت دیگر حکومتی عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔وزیر خارجہ اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ بحیثیت وزیر خارجہ ایران کے اپنے پہلے دورے کے دوران بلاول بھٹو زرداری ایرانی صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔پاکستان اور ایران کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے دوران دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا جن میں تجارتی اور اقتصادی تعلقات، ایران سے بجلی کی فراہمی، سرحدی غذائی منڈیوں، سڑک اور ریل رابطے اور زائرین کی سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔ بات چیت میں علاقائی سلامتی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا خاص طور پر افغانستان سمیت جنوبی ایشیا کی مجموعی صورتحال کے ساتھ ساتھ اسلامو فوبیا سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔وزیر خارجہ کل بدھ کو مشہد کا دورہ کریں گے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ ایران دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں کا حصہ ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور ایران مشترکہ جغرافیہ، ثقافتی وابستگیوں اور تاریخی روابط کی بنیاد پر قریبی عوامی تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں۔